قوم کی حجابی بیٹیاں

طاہر ندوی
بصیرت آن لائن
گزشتہ کئی سالوں سے ملک ہندوستان کی سر زمین مسلمانوں کے لئے تنگ ہوتی جارہی ہے۔ کبھی لو جہاد کے نام پر ستائے گئے، کبھی لینڈ جہاد کے نام پر داغدار ہوئے، کبھی گھر واپسی کے نام پر مارے گئے، کبھی تھوک جہاد کے نام پر بدنام ہوئے، کبھی ماب لنچنگ کے ذریعے نسل کی گئی، کبھی اذان، نماز اور مساجد کے نام پر ہراساں کئے گئے، کبھی طلاق و حلالہ کے نام پر مسلم عورتوں کو دھوکہ دیا گیا، کبھی مسلم پرسنل لا کے نام پر شریعت پر حملہ کیا گیا، کبھی دہشت گردی کے الزام میں جیلوں میں ڈالے گئے ، کبھی ملک سے غداری کے نام پر مقدمے چلائے گئے، کبھی داڑھی ٹوپی اور کرتا پائجامہ کے نام پر قتل کئے گئے۔
اب حجاب اور برقعہ کے نام پر انڈیا کی ریاست کرناٹک کے اوڈیپی اور کنڈا پور کے اسکول اور کالجز سے چند مسلم طالبات کو محض حجاب پہننے کی وجہ سے انہیں حصول تعلیم سے محروم کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، انہیں بے دخل کیا جا رہا ہے، ان کے لئے دروازے بند کئے جا رہے ہیں، انھیں کلاس روم میں بیٹھنے سے روکا جا رہا ہے، انہیں دھمکی دی جارہی ہے، حجاب پہن کر آنے والی طالبات کو دہشت گرد کہا جارہا ہے، انہیں اسکولوں سے لات مار کر نکال دینے کی بات کہی جا رہی ہے، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آج یہ لوگ حجاب کی بات کریں گے اس کے بعد حجاب پہن کر اسکولوں اور کالجوں میں آئیں گے پھر نماز اور مساجد کے قیام کی بات کریں گے، انہیں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اگر حجاب یا برقعہ پہننا ہے تو پاکستان چلے جاؤ، مذہبی منافرت کی حد تو اس قدر بڑھ گئی ہے کہ خود کالج کے پرنسپل اور ایڈمنسٹریشن نے یہ کہتے ہوئے گیٹ کو بند کر دیا کہ اگر کلاس میں بیٹھنا ہے تو اسکارف اور حجاب کو اتارنا ہوگا ورنہ اپنے گھر کو واپس چلے جاؤ۔
لیکن سلام ہے ان بہنوں کی ہمت و طاقت، شجاعت و بہادری اور ثابت قدمی کو کہ وہ سراپا احتجاج بنی ہوئیں ہیں، وہ ہندوتوا نظریہ سے لڑ رہی ہیں، وہ سنگھی واد کا مقابلہ کر رہی ہیں، وہ نفرتوں کا مقابلہ پامردی سے کر رہی ہیں، وہ اپنے حقوق کی لڑائی لڑ رہی ہیں، وہ اپنے تشخصات کو بچانے کے لئے ہر ممکن قربانی دے رہی ہیں، وہ اپنے اسلامی تعلیمات کا سمجھوتہ کرنے پر تیار نہیں ہیں، وہ دنیا کی مسلم خواتین کو یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ ہمیں اپنے اسلامی تعلیمات و تشخصات کو کسی حال میں چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، ہمیں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے سے کوئی طاقت روک نہیں سکتی، کوئی طاقت جھکا نہیں سکتی اس لئے کہ حجاب ہمارا حق ہے، ہماری پہچان ہے، ہمارا دین و ایمان ہے، یہ مسلم خواتین کا بنیادی حق ہے اسے چھوڑا نہیں جا سکتا اور نا ہی کسی طاقت کے بل پر ڈرایا یا دھمکایا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.