Baseerat Online News Portal

تذکرۂ محدثین بہار

تبصرہ نگار: ڈاکٹر جسیم الدین، گیسٹ فیکلٹی شعبہ عربی دہلی یونیورسٹی

9891755509

شعبۂ اسلامک اسٹڈیز ،جامعہ ملیہ اسلامیہ ،نئی دہلی میں درس وتدریس سے وابستہ ڈاکٹر انیس الرحمن قاسمی کی تصنیف ہے ، جس میں انھوں نے سر زمین بہار کے محدثین کے حالات زندگی اور علم حدیث میں ان کی خدمات کا احاطہ کیاہے۔ سر زمین بہار کو جن علوم وفنون کی ترویج واشاعت میں نمایاں مقام حاصل ہے ،ان میں علم حدیث خصوصیت کے ساتھ قابل ذکر ہے۔ یہاں جلیل القدر محدثین کی ایک بڑی جماعت تیار ہوئی ، جنھوں نے علم حدیث کی ترویج واشاعت میں خصوصی دلچسپی لی اورعلم حدیث کی ترویج واشاعت اور تصنیف وتالیف میں اپنی امتیازی شناخت قائم کرکے اپنےعہد کے امام کہلائے۔علاوہ ازیں علماء بہار نے تصنیفی وتالیفی خدمات کے ساتھ ساتھ علم حدیث کی تدریس پر بھی نہ صرف خاص توجہ دی، بلکہ ملک کے طول وعرض میں پھیلے دینی مدارس وجامعات میں شیخ الحدیث کے منصب جلیل پر فائز ہوکر اپنی علمی جلالت شان قائم کی۔ ایسے نابغہ علما کے علم حدیث سے متعلق کارناموں خواہ وہ تصانیف کی شکل میں ہوں یا تدریس کے طور پر زیر تبصرہ کتاب میں بھر پور روشنی ڈالی گئی ہے۔ فاضل مصنف تصنیف وتالیف کا عمدہ ذوق وشوق رکھتے ہیں ، ان کا قلم علم وتحقیق کے میدان میں رواں دواں ہے۔اس سے قبل ’اسلامی علوم ومعارف‘ کے نام سے اسلامیات پر نہایت جامع کتاب منظر عام پر آکر شرف قبولیت حاصل کرچکی ہے۔تذکرہ محدثین بہار فاضل مصنف کی دوسری تصنیف ہے ۔بنیادی طور پر دو ابواب میں منقسم اس کتاب کا پہلاباب صوبۂ بہار میں علم حدیث کی اشاعت اور اس کے آغاز وارتقا نیز قدیم محدثین کے اجمالی احوال وکوائف پرمشتمل ہے ، جب کہ دوسرے باب میں انیسویں صدی عیسوی سے اب تک کے محدثین کے احوال وکوائف اور ان کی خدمات کو بیان کیا گیا ہے۔محدثین بہار سے منسوب تقریباً دو سو سے زیادہ تصانیف کا اجمالی ذکر کیا گیاہے، فاضل مصنف نے جس اہتمام سے محدثین عظام کے حالات زندگی اور ان کے علمی وتحقیقی کارناموں بطور خاص علم حدیث میں ان کی نمایاں خدمات کو جس شرح وبسط کے ساتھ بیان کیاہے، اس سے ان کی علمی وتحقیقی گیرائی وگہرائی اورزرف نگاہی کاپتہ چلتاہے۔انھوں نے جدید ریسرچ کے اصول وضوابط کو ملحوظ رکھتے ہوئے مستند حوالوں سے کتاب کو مزین کیا ہے، نیز علم حدیث سے متعلق صوبۂ بہار کے جلیل القدر محدثین عظام کی زریں خدمات کو تاریخی نوعیت سے دلائل وحقائق کے ساتھ مبرہن کیا ہے۔ اس لیے بلاکسی تردد کے یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ علماومحدثین بہار کی علم حدیث میں خدمات کے حوالے سے یہ کتاب اعتبار واستناد کا درجہ حاصل کرے گی، کیوں کہ مصنف نے حوالہ جات کا بھی خاص اہتمام کیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ علم وادب کے محبین و شائقین بطور خاص علم حدیث سے شغف رکھنے والےحضرات اس کتاب سے بھرپور مستفید ہوں گے۔۳۲۰؍ صفحات پر مشتمل دیدہ زیب کتابت وطباعت سے مزین کتاب کی قیمت چارسو روپے ہے۔ناشر مرکزی پبلیکیشنز، جوگابائی ایکسٹینشن، جامعہ نگر ،نئی دہلی ۱۱۰۰۲۵ ہے۔
رابطہ نمبر:9891755509۔

Comments are closed.