شمش آباد کی شہید مسجد کی اسی مقام پر دوبارہ تعمیر ہوگی مجلس کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین کے ساتھ لوگوں نے جمعہ کی نمازادا کی

حیدرآباد۔ ۵؍اگست: مقامی نیوز پورٹل اردو لیکس کی خبر کے مطابق شمش آباد کی گرین اوینیو کالونی میں شہید کردہ مسجد خواجہ محمود کی دوبارہ تعمیر کا آج جمعہ کو اسی مقام پر باقاعدہ طور پر آغاز ہوگیا۔مجلس کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین اور راجندر نگر اسمبلی حلقہ کے انچارج مرزا رحمت بیگ کے علاوہ مجلس کے دیگر قائدین نے آج مسجد کے ملبے کو ہٹا کر وہاں جمعہ کی نماز ادا کی ۔جمعہ کی نماز کے لئے عارضی طور پر شامیانے کا انتظام کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ بیرسٹراسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی نمائندگی پر حکومت نے مسجد کی دوبارہ تعمیر کی اجازت دے دی ہے۔ مجلس کے رکن اسمبلی کاروان کوثر محی الدین کے مطابق جمعرات کو دن بھر ملبے کی صفائی کی گئی تھی جمعہ کا اہتمام کیا جائے گا اور مسجد کی تعمیر کا دوبارہ سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ قبل ازیں محکمہ بلدی نظم و نسق کی سہ رکنی کمیٹی نے آج شمس آباد بلدیہ آفس اور مسجد کی جگہ کا معائنہ کیا۔ جناب مرزا رحمت بیگ انچارج حلقہ اسمبلی راجندرنگر نے مسجد کمیٹی کے ذمہ داروں کے ہمراہ دفتر بلدیہ شمس آباد پہنچ کر متعلقہ حکام سے ملاقات کی اور مسجد کی جگہ کے تمام دستاویزات ان کے حوالے کئے۔ مجلس اتحادالمسلمین کی کامیاب نمائندگی کے نتیجہ میں مسجد کی دوبارہ تعمیر کی اجازت دے دی گئی ہے۔ خاطی عہدیداروں سے بھی حکومت کی جانب سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ مسجد کی شہادت کے واقعہ کے بعد سے ہی شمس آباد کے بلدیہ کمشنر رخصت پر چلے گئے ہیں۔ اسپیشل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار اور اعلی پولیس عہدیداروں نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے کہ مسجد کی دوبارہ تعمیر میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ مسجد کمیٹی اور گرین اوینیوکالونی کے مقامی افراد نے بیرسٹر اویسی سے اظہار تشکر بھی کیا۔
Comments are closed.