Baseerat Online News Portal

مشہور شاعر و ادبی نقاد کرامت علی کرامت کا انتقال

کٹک ٦ اگست( بصیرت نیوز سروس ) گزشتہ کل 5 اگست 2022ء بہ روز جمعہ اڈیشا کے مشہور و معروف شاعر و ادبی نقاد کرامت علی کرامت کا پچاسی سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ نماز جنازہ آج 6 اگست کو شہر کٹک میں ادا کی گئی اور کٹک ہی میں تدفین عمل میں آئی۔

کرامت علی کرامت 23 ستمبر 1936 کو اڑیا بازار، کٹک (اڈیشا) میں پیدا ہوئے۔ ایم ایس سی میں گولڈ میڈلسٹ تھے، انھوں نے ریاضی میں پی ایچ ڈی کی اور اپنے مادر علمی راونشا کالج، کٹک سے تدریسی سلسلہ کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر کرامت علی کرامت مشہور شاعر اور نقاد ہونے کے ساتھ ساتھ علم عروض کے ماہر بھی تھے۔ کرامت نے ادبی اور علمی دنیا میں اپنی خدمات کے لیے کئی ممتاز ایوارڈز حاصل کیے، جن میں ساہتیہ اکیڈمی ٹرانسلیشن پرائز برائے 2004ء بھی شامل ہے۔

کرامت علی طویل عرصے سے آزاد غزل کے پرزور حامی رہے ہیں اور تخلیقی اور تنقیدی دونوں لحاظ سے سامنے سے اس کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ اردو دنیا میں اڈیشا کی الگ شناخت بنانے میں بے پناہ تعاون کرنے کا سہرا بھی ان کے سر جاتا ہے۔

اللّٰہ ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے!! انا للّٰہ وانا الیہ راجعون

Comments are closed.