جھارکھنڈ: جج اتم آنند قتل کیس میں لکھن اور راہل کو عمر قید

رانچی۔ ۶؍اگست: سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے معروف جج اتم آنند قتل کیس میں راہل ورما اور لکھن ورما کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے ساتھ 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ سی بی آئی کے خصوصی جج رجنی کانت پاٹھک کی عدالت نے ہفتہ کو دونوں مجرموں کو سزا سنائی۔اس سے پہلے 28 جولائی کو جج اتم آنند کی پہلی برسی کے موقع پر عدالت نے آٹو ڈرائیور لکھن ورما اور اس کے ساتھی راہل ورما کو مجرم قرار دیا تھا۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل)، 201 (جرم کا ثبوت دینا یا مجرم کی حفاظت کے لیے غلط معلومات دینا) اور 34 (مشترکہ ارادہ) کے تحت الزامات عائد کیے گئے۔ اس کیس کی سماعت رواں سال فروری میں شروع ہوئی تھی۔ عدالت نے سماعت کے دوران 58 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے۔دھنباد کے جج اتم آنند 28 جولائی 2021 کو صبح 5 بجے صبح کی سیر پر گئے تھے۔ اسی دوران رندھیر ورما چوک کے قریب ایک آٹو نے انہیں پیچھے سے زور سے ٹکر مار دی۔ اس واقعے میں اے ڈی جے کی موت ہو گئی تھی ۔ 28 جولائی 2022 کو عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ان دونوں نے جان بوجھ کر جج اتم آنند کا قتل کیا تھا۔ ہر قتل کا کوئی مقصد یا نیت نہیں ہوتی، یہ ضروری نہیں۔ اگر ملزم جانتا ہے کہ اس کے فعل کے نتیجے میں موت واقع ہو سکتی ہے تو انٹینشن کی ضرورت نہیں ہے۔

Comments are closed.