جدید تکنیک کے ذریعہ ہوگی فتوؤں کی نشرو اشاعت
دارالعلوم دیوبند نے شعبہ دارلافتاء کو کیا مکمل طورپر کمپیوٹرائزڈ

دیوبند۔ ۷؍اگست: (ایس چودھری) عالمی شہرت یافتہ دینی تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند کے شعبہ دارالافتا ء کو جدید ٹیکنالوجی والے کمپیوٹر سے مکمل طور پر لیس کردیا گیا ہے، یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا تاکہ فتاویٰ کی ترسیل و اشاعت کی رفتار کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ اتوار کے روز دارالافتا دارالعلوم دیوبند کا نیا دفتری نظام عمل میں لایا گیا، جس کا افتتاح دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کیا، اس موقع پر نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی،نائب مہتمم مفتی راشد اعظمی، مفتی محمود بلند شہری، مفتی زین الاسلام، مفتی حبیب الرحمٰن خیر آبادی،نگراں دارالافتا مولانا معین الدین قاسمی و دیگر مفتیان بھی موجود رہے۔دارلافتاء کے ذمہ داران کے مطابق دیگر اصلاحات کے ساتھ ساتھ دارالافتا کے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے دارالافتاء دارالعلوم دیوبند کو آج مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کردیا گیاہے جس کے لیے کافی دن سے کوششیں جاری تھیں، اب فتاویٰ ترسیل کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے گی، ارباب مدارس ،علماء اورسرکردہ افراد نے شوریٰ کے ذریعہ پاس کردہ اس تجویز کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ نہ صرف دارالافتاء کے مفتیان بلکہ مستفتیان کو بھی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا کام کیا ہے،موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں یہ نہایت قابل قدر اورقابل ستائش قدم ہے۔
Comments are closed.