ترنگا ہماری شان ، ہمیشہ اونچا رہے !از: ابوالکلام قاسمی شمسی

ترنگا ہماری شان ہے ،ہمارے ملک کی شان ہے ، یہ ہمیشہ اونچا رہے !
ہر ملک کا قومی پرچم یا قومی جھنڈا ہوتا ہے ،جو ملک کی نشانی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ، قومی پرچم ملک کی شان اور آن بان ہوتا ہے ، وہ جہاں ملک کا نشان ہوتا ہے وہیں ملک کے کلچر ،ثفافت اور اس کے وقار کا بھی امین ہوتا تھا ، وہ اپنے اندر بہت سی یادیں سمیٹے ہوتا ہے ، قومی پرچم ملک کا پرچم اور جھنڈا ہوتا ہے ،وہ کسی پارٹی کا نہیں ہوتا ہے اور نہ وہ کسی شخص کا ہوتا ھے ، بلکہ وہ ملک کا امین ہوتا ہے ،
ہمارے ملک کا بھی قومی پرچم یا قومی جھنڈا ہے ، وہ قومی پرچم ترنگا ھے ، یہ قومی پرچم ہمارے ملک کی شان ہے ، یہ ترنگا آزادی کی علامت ہے ،
ہر اہم موقع پر ہم اپنے قومی پرچم کو پھہراتے ہیں ، اور اپنے ملک کی بلندی اور اس کی شان کو اسی قومی پرچم کی طرح بلند رکھنے کا عزم کرتے ہیں ، 15/ اگست اور 26/ جنوری ہمارے ملک کا قومی تہوار ہے ، 15/ اگست کو ملک انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا ، جبکہ 26 جنوری کو ملک میں جمہوریت کا نفاذ ہوا ، اور ملک میں آئین کی حکومت قائم ہوئی ، اس طرح 15/ اگست اور 26/ جنوری قومی تہوار ہیں ، اس قومی تہوار کے موقع پر خاص طور پر نہایت ہی اہتمام کے ساتھ قومی پرچم پھہرایا جاتا ہے ، اور مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ھے ،
سال 2022 میں ہندوستان کی آزادی کو 75 سال مکمل ہورہے ہیں ، اس موقع پر ملک میں آزادی کا 75 واں سالگرہ منایا جا رہا ہے ، اس موقع پر ہر گھر ترنگا مہم کا اعلان کیا گیا ہے ، ہمیں چاہئے کہ اس مہم کا حصہ بنیں ، اور اس تحریک کو لوگوں تک پہنچائیں اور
اپنے گھروں پر ترنگا پھہرا کر مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کریں
آزادی بڑی قیمتی ہوتی ہے اور بڑی قربانیوں سے حاصل ہوتی ہے ، ہمارا ملک بھی بڑی قربانیوں کے بعد آزاد ہوا ہے ، ملک کے بسنے والے ہندو ،مسلم ،سکھ ،عیسائی اور ان کے علاؤہ دیگر طبقات کے تمام لوگوں نے ملک کو انگریزوں سے آزاد کرانے میں حصہ لیا ، پھانسی کے تختہ کو چوما ، قید و بند کی سزا ئیں جھیلیں ، کالا پانی میں میں قید و بند کی زندگی گذاری ، غرض طرح طرح کی مصیبتوں سے دوچار ہوئے ،تب آزادی حاصل ہوئی ہے ،ازادی کے بعد ملک میں قانون کی حکومت کو قائم کیا ،جو آزادی کا حصہ ہے ، اس لئے آزادی کی حفاظت ،ملک کے آئین کی حفاظت اور ملک کے آن بان اور شان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ، آئیے ، ہم ترنگا پھہرا کر اپنی شان بڑھائیں ، ملک کی شان بڑھائیں اور مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کریں۔

Comments are closed.