برطانیہ:لز ٹرس نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا

آن لائن نیوزڈیسک
کنزرویٹیو پاٹی کی رہنما لز ٹرس نے منگل کے روز برطانیہ کی نئی وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا اور نئی کابینہ کا اعلان کرنے سے قبل انہوں نے شاہی محل جا کر ملکہ ایلزبتھ سے ملاقات کی۔ اس سے قبل رخصت پزیر وزیر اعظم بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ کو اپنا استعفی سونپ دیا تھا۔
وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 10 ڈاوننگ اسٹریٹ کے باہر اپنی پہلی تقریر میں ٹرس نے اپنی تین اہم ترجیحات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، "میرے پاس معیشت کی ترقی کے لیے، ٹیکسوں میں کمی اور اصلاحات کے ذریعہ، ایک ٹھوس منصوبہ ہے۔ میں سخت محنت کا پھل دینے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کروں گی اور تجارتی ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دوں گی۔”
انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ برطانیہ کو "امنگوں والی قوم” میں تبدیل کردیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ "پوٹن کی جنگ کی وجہ سے پیدا شدہ توانائی کے بحران سے نمٹیں گی” کیونکہ بہت سے برطانوی شہری اس موسم سرما میں اپنی گھروں کو گرم رکھنے کے حوالے سے فکرمند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تیسری ترجیح ملک کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانا ہے۔ "میں اس بات کو یقینی بناوں گی کہ عوام کو ان کی ضرورت کے مطابق ڈاکٹر اور نیشنل ہیلتھ سروس دستیاب ہوسکیں۔ ہم صحت خدمات کو ٹھوس بنیادوں پر فروغ دیں گے۔”
ٹرس نے اپنے پیش رو بورس جانسن کی بھی تعریف کی۔
سابق وزیر تجارت کواسی کوارٹینگ کو وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔ گھانا سے تعلق رکھنے والی کواسی برطانیہ کی پہلی سیاہ فام وزیر خزانہ ہیں۔ اٹارنی جنرل سویلابریومین کو وزیر داخلہ بنایا گیا ہے۔ ان کے والدین کا تعلق کینیا اور ماریشش سے ہے وہ سن 1960میں برطانیہ آئے تھے۔
جیمس کلیورلی کو وزیر خارجہ بنا یا گیا ہے۔ وہ برطانیہ کی تاریخ میں پہلے سیاہ فام وزیر خارجہ ہیں۔ ان کی والدہ کا تعلق سیئرالیون سے ہے۔
وزیر دفاع بین ویلیس وزیر دفاع کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ حالیہ مہینوں میں یوکرین بحران سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے ان کی خاصی تعریف ہوئی ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹرس کے ساتھ فون پر بات کی۔ دونوں رہنماوں نے اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے اور روس کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنے کا وعدہ کیا۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی پہلے عالمی رہنما تھے جن کے ساتھ ٹرس نے بطور وزیر اعظم بات چیت کی۔ زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے ٹرس کو کییف آنے کی دعوت دی اور یوکرین کی دفاعی اور اقتصادی مدد کرنے کے لیے برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔
ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ کے ایک ترجمان کے مطابق ٹرس نے زیلنسکی سے کہا، "یوکرین طویل عرصے تک برطانوی امداد پر انحصار کرسکتا ہے۔”
Comments are closed.