اردو صحافت کی تعمیر و ترقی میں مدارس اسلامیہ کا کردار کے موضوع پر کل ہند سیمینار کا انعقاد

ممبئی (پریس ریلیز) ہندوستان میں اردو صحافت کو دو سو سال مکمل ہوگئے ہیں اور دو سو سال کی تکمیل پر ملک کے مختلف شہروں میں اردو صحافت کا دوسو سالہ جشن منانے کا اہتمام کیا جارہا ہے، چونکہ اردو صحافت کی ترویج و اشاعت، اس کے فروغ اور اس کی تعمیر و ترقی میں مدارس اسلامیہ اور علمائے کرام کا اہم کردار رہا ہے، اس لئے اس بات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے کہ ایک مستقل سیمینار خاص اس موضوع پر ہو تاکہ اردو صحافت کی تعمیر و ترقی میں مدارس اسلامیہ کے کردار پر تفصیلی بات ہوسکے اور عوام و خواص کو اس سے روشناس کرایا جاسکے، ان خیالات کا اظہار رابطہ صحافت اسلامی ہند کے صدر اور بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹر مولانا غفران ساجد قاسمی نے اپنے ایک پریس بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ اردو صحافت کی تاریخ میں سب سے پہلے شہید بھی ایک عالم صحافی تھے، دہلی اردو اخبار کے ایڈیٹر مولوی محمد باقر ایک انقلابی صحافی تھے اور تحریک آزادی کے ایک عظیم مجاہد تھے، انہوں نے اپنی تحریروں سے انگریزی حکومت کے دانت کھٹے کردیئے تھے اور یہی ان کا وہ جرم عظیم تھا جس کی وجہ سے انہیں انگریزی حکومت نے شہید کردیا اور اس طرح مولوی محمد باقر اردو صحافت کی تاریخ میں پہلے شہید بنے، اسی طرح مولانا ابوالکلام آزاد رحمۃ اللہ علیہ کے الہلال اور البلاغ اخبارات نے انگریزوں کی جڑیں ہلا کر رکھ دیں، مزید برآں مولانا محمد علی جوہر رحمۃ اللہ علیہ کے ہمدرد اور کامریڈ اخبارات نے برٹش حکومت کے ملک چھوڑنے میں معاون ثابت ہوئے، اس طرح ہم دیکھتے ہیں کہ علمائے کرام کا ایک طویل سلسلہ ہے جنہوں نے اپنی صحافتی خدمات کے ذریعے اردو صحافت کے ساتھ ساتھ ملک وملت کی عظیم خدمات انجام دیں لیکن آج دھیرے دھیرے انہیں فراموش کرنے کی روایت چل پڑی ہے، مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ اردو اخبارات کے علاوہ ملک بھر کے مدارس سے شائع ہونے والے علمی ادبی اور دینی رسالوں نے بھی اردو صحافت کو زندہ رکھا، اسے ایک نئی جہت دی اور اس کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، ہم چاہتے ہیں کہ اس سیمینار کے ذریعے مدارس کی ان صحافتی خدمات کو منظر عام پر لایا جائے اور اردو صحافت کی دوسوسالہ تاریخ کے ایک روشن باب کی طرح اس کو عوام و خواص کے سامنے پیش کیا جائے، موجودہ وقت میں بھی فضلائے مدارس کی ایک بڑی تعداد ہے جو اردو صحافت کی خدمات انجام دے رہے ہیں. مولانا غفران ساجد قاسمی نے کہا کہ انشاء اللہ یہ سیمینار رابطہ صحافت اسلامی ہند اور بصیرت آن لائن کے زیر اہتمام منعقد کیا جائے گا. بہت جلد اس سلسلے میں صحافیوں کی ایک اہم میٹنگ بلائی جائے گی جس میں سیمینار کے تعلق سے تفصیلات طے کی جائیں گی انشاءاللہ.
Comments are closed.