موٹا بھائی! ہم منتظر ہیں
از ـ مولانا حکیم محمود احمد خاں دریابادی
جنرل سیکریٹری علماء کونسل مہاراشٹر
ہمارے موٹا بھائی یعنی وزیر داخلہ شری امیت شاہ نے ایک جلسہ میں زور دار چیلنج کے ساتھ ایک تاریخ بتائی کہ راہل بابا ( واقعی آجکل راہل کم ازکم چہرے سے تو بابا بن ہی چکے ہیں ) اور دیگر لوگ جو یہ کہتے تھے کہ ” مندر وہیں بنائیں گے مگر تاریخ نہیں بتائیں گے ” وہ سب کان کھول کر سن لیں کہ یکم جنوری 2024 تک فلک بوس، شاندار رام مندر بن کر تیار ہوجائے گا ـ
ظاہر ہے ملک کی سب بڑی عدالت مندر کے حق میں فیصلہ دے چکی، وہاں کام پہلے ہی چل رہا تھا، کبھی نہ کبھی تو مکمل ہونا ہی تھا، جنوری سہی، فروری مارچ ہوتا یا اس سے قبل نومبر دسمبر ہوتا تب بھی کوئی فرق نہ پڑتا، آپ نے تاریخ بتادی بہت اچھا کیا ـ ……………. مگر موٹا بھائی ہم لوگ بلکہ پورا ملک اس انتظار میں ہے کہ آپ وہ تاریخ بتائیں جب ہمارے کھاتوں میں پندرہ پندرہ لاکھ آئیں گے ـ …………. آپ کہتے ہیں کہ پندرہ لاکھ جملہ تھا کبھی نہیں آئیں گے، ٹھیک ہے تو وہ تاریخ بتادیجئے جب ملک سے بے روزگاری ختم ہوجائے گی، وہ تاریخ بتادیجئے جب پیٹرول تیس روپیہ لیٹر ہوجائے گا، وہ تاریخ بتادیجئے جب گھریلو گیس سلنڈر تین سو میں ملے گا، …………. اگر یہ سب نہیں بتاتے تو یہی بتادیجئے کہ ہماری سرحدوں سے چین کب باہر نکلے گا، ہمارے ٹکروں پر پلنے والے پِدّی سے نیپال میں چین کی ریشہ دوانیاں کب ختم ہوں گی، چین کی کھلی دشمنی کے باوجود اس سے سالانہ کھربوں کا دھندا کب ختم کیا جائے گا ـ دیش کا اربوں روپیہ لے کر بھاگنے والے مالیا اور نیرم مودی کب پکڑے جائیں گے ـ
کیا یہ سمجھا جائے کہ اب ہماری حکومت کا کام صرف مندر بنوانا ہے، باقی مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، ملک میں سماجی ایکتا کا قیام، مظلوموں سے انصاف اور سرحدوں کی حفاظت وغیرہ اب حکومت کی ذمہ داری نہیں رہی، ………….. اگر ایسا نہیں ہے تو پھر اعلان کیجئے کہ الیکشن سے پہلے 2024 کی وہ کون سی تاریخ ہوگی جب چین بھاگ جائے گا، بھگوڑے مالیا، نیرم مودی پکڑ لئے جائیں گے، پیڑول تیس اور گیس تین سو روپے میں ہوجائے گی، ڈالر اور روپیہ برابر کی سطح پر آجائیں گے ـ ہم سب منتظر ہیں ـ
کیا کریں گر نہ انتظار کریں!
Comments are closed.