Baseerat Online News Portal

شادیاں کر چکا ہوں تین سے مَیں. ( مزاحیہ غزل)

افتخار راغب ،دوحہ قطر

شادیاں کر چکا ہوں تین سے مَیں
اب ہوں خائف ہر اک حسین سے مَیں

کس قدر کانپتا ہوں بیوی سے
کہہ نہیں سکتا کچھ یقین سے مَیں

جھولتا ہوں اُسی کے جھولے پر
دشمنی کیسے کر لوں چیٖن سے مَیں

کچھ تو پہنچے گا آسماں تک بھی
پھینکتا ہوں بہت زمین سے مَیں

بادلوں کا بھی گیان ہے مجھ کو
کم نہیں ہوں کسی ذہین سے مَیں

کون کیا کر رہا ہے میرے خلاف
دیکھ لیتا ہوں دوربین سے مَیں

ایک دن آنکھ بھی دِکھا دوں گا
ڈرنے والا نہیں ہوں چیٖن سے مَیں

کچھ کہوں گا تو وہ کہیں گے جھوٹ
کیا کہوں اپنے قائدین سے مَیں

داد روبوٹ کی طرح دیں لوگ
شعر پیدا کروں مشین سے مَیں

شعر کہتا ہوں اُن کی بیوی پر
چُھپ کے رہتا ہوں حاسدین سے مَیں

چند ہی دوست رہ گئے راغبؔ
بچ رہا تھا منافقین سے مَیں

افتخار راغبؔ
دوحہ قطر
?????

Comments are closed.