Baseerat Online News Portal

طالبات دورۂ حدیث جامعہ فاطمۃ الزہراء ململ کا الوداعی پروگرام

مدہوبنی (بصیرت نیوز ڈیسک/ سعید الرحمن سعدی) تعلیم نسواں میں شمالی بہار کی قدیم مرکزی درسگاہ اور دینی و عصری علوم کے حسین سنگم جامعہ فاطمۃ الزہراء ململ میں حسب سابق فارغ ہونے والی طالبات کا عظیم الشان الوداعی پروگرام منعقد ہوا، جس کی صدارت جامعہ کی صدر معلمہ اور پرنسپل محترمہ صدف اقبال فیضی صاحبہ نے کی جب کہ ناظم جامعہ مولانا فاتح اقبال ندوی قاسمی کی مکمل سرپرستی اجلاس کو حاصل رہی۔
عائشہ عبد السمیع متعلمہ عربی چہارم کی نظامت میں جامعہ کی طالبہ مبشرہ غزل کی خوبصورت تلاوت اور شبینہ پروین کے ترجمے سے پروگرام کا آغاز ہوا، عزیزہ رقیہ سلمہا نے نعت رسول کا حسین گلدستہ پیش کیا، پھر فرحین صبا نے شیخ الحدیث جامعہ مفتی سلیم الدین قاسمی صاحب کا لکھا ہوا ترانہ جامعہ پڑھا، اس کے بعد عربی درجات کی مختلف جماعتوں خاص کر عربی چہارم کی طالبات نے نظم و نثر میں رخصت ہونے والی اپنی سینئر ساتھیوں کے لیے درد بھرے جذبات کے ساتھ بہترین الوداعیے پڑھے، جلسے کی اہم اور نمایاں کڑی دورۂ حدیث کی جماعت کے وہ سنہرے الوداعی تاثرات تھے، جس میں انھوں نے اپنے گیارہ سالہ علمی سفر کی مختصر روداد بیان کی، مدرسے میں آنے سے لے کر جانے تک کے جذبات کو خوبصورتی کے ساتھ پرویا اور جدائی کے درد کو الفاظ کی شکل دی، اساتذہ و معلمات اور جملہ سامعین و سامعات نے ان کی اس داستان دل کو باچشم نم سنا اور تحسین و آفرین کے ساتھ ساتھ دعائیہ کلمات سے نوازا۔
واضح رہے کہ وصی الملت حضرت مولانا وصی احمد صدیقی مرحوم کے ہاتھوں 1992ء میں قائم شدہ اس مدرسے سے اب تک دو سو سے زائد بچیاں فارغ ہوچکی ہیں اور معاشرے کی تعلیم و تربیت کے فرائض انجام دے رہی ہیں، نو بچیوں پر مشتمل یہ جامعہ سے فارغ ہونے والی چوبیسویں جماعت ہے، جن کے نام اس طرح ہیں، رافعہ تسنیم دربھنگہ، ماریہ نجمی سبزی باغ پٹنہ، سیما پروین پپراہی مدہوبنی، اسری جبیں ململ، صبغت جہاں گیدر گنج مدہوبنی، عائشہ شاہد چھوراہی مدہوبنی، سمیہ واثق مرزاپور سیتا مڑھی، نفیسہ افتخار دربھنگہ، غازیہ نذرین پوپری سیتا مڑھی۔
بچیوں کے اس علمی و جذباتی مظاہرے کے بعد مدرسے کی جانب سے فارغ ہونے والی تمام بچیوں کو بطور یادگار مومنٹو دیا گیا، جب کہ ناظم جامعہ مولانا فاتح اقبال ندوی قاسمی صاحب نے اساتذہ کرام اور صدر معلمہ محترمہ صدف اقبال فیضی صاحبہ نے سبھی معلمات کو ان کی حسن کارکردگی پر شال پوشی کے ذریعے ان کی عزت افزائی کی۔
اخیر میں سرپرست جلسہ اور ناظم جامعہ نے طالبات سے پند و نصائح پر مشتمل الوداعی گفتگو کی، ان کی محنتوں کو سراہا، انھیں دعاؤں سے نوازا اور ساتھ ہی انھیں پوری زندگی تعلیم و مطالعہ سے وابستہ رہنے اور اپنے اخلاق و کردار کو مثالی بنانے کی تلقین کی، پھر صدر معلمہ کے پر مغز اور مؤثر صدارتی کلمات اور دعا پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔

Comments are closed.