ایسے نصاب تعلیم کو رائج کیا جائے جو ہمارے بچوں کے ایمان کا محافظ ہو

 

کیریئر پوائنٹ گڈس کیئر اسکول کی افتتاحی تقریب سے مولانا مظفر رحمانی ودیگر کا اظہار خیال

دربھنگہ۔ ۲؍ مارچ: (محمدرفیع ساگر) مضبوط قوت ارادی انسان کو کامیاب بنانے میں بڑا کردار ادا کرتی ہے ،کامیاب انسان وہی ہے جو علم کے زیور سے آراستہ ہوکر قوم اور ملک و ملت کے فرزندان کو تعلیمی اعتبار سے آگے بڑھانے کی کوشش کرتا ہو ۔ان خیالات کا اظہار مولانا خالد سیف اللہ ندوی نے کیریئر پوائنٹ گڈس کیئر اسکول جالے کے افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔انہوں موجودہ ملک کے پس منظر میں عصری تعلیم کے ساتھ سی بی ایس سی نصاب کے لحاظ سے اسکول کے قیام پر منتظمین کو مبارکبادی پیش کی اور اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ سیاسی و سماجی لیڈر دلیپ کمار دیواکر نے گنگا جمنی تہذیب کی بقا کے ساتھ تعلیم کے میدان میں بہتر پیش رفت کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت بتایا ۔سابق مکھیا خورشید احمد خان نے کہا اسلام ایک ایسا مذہب ہے جس نے شروع دن سے ہی علم کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔سابق ضلع پارشد شکیل احمد خان نے کہا اس وقت اس بات کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ ایسے اسکول کو قائم کیا جائے جو بنیادی تعلیم کے فروغ میں سنگ میل کا کام کرے ۔مولانا محمد عرفان خان ،مولانا باقی باللہ ، محمد علیشان نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے جب کہ اسکول کے ڈائریکٹر مولانا منصور عالم قاسمی نے اسکول کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی گفتگو کی ۔افتتاحی تقریب کا آغاز حافظ نوید احسن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ اسکول کے چیرمین مولانا مظفراحسن رحمانی نے اپنی افتتاحی خطاب کے دوران موجودہ حکومت کے ذریعہ نئی تعلیمی پالیسی کے مضر اثرات پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگوں نے موجودہ وقت میں اپنے بچوں کی تربیت پر توجہ نہیں دی تو آنے والا وقت ہماری نسلوں کو تباہ کر دے گی ۔مولانا رحمانی نے کہا کہ اس وقت اس بات کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہیکہ اسکولوں میں ایسے نصاب تعلیم کو رائج کیا جائے جو ہمارے بچوں کے ایمان کا محافظ ہو اور علوم عصریہ میں بھی مہارت حاصل کرسکے ۔مولانا رحمانی نے کیریئر پوائنٹ کے ذمہ دار حافظ قمر عالم اور ماجد مدنی کا دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر مہربان دوستوں کا ساتھ نہ ہوتا تو اس خوبصورت انداز سے کم وقت میں اسکول کا قیام ممکن نہیں تھا ۔مولانا رحمانی نے اپنے خوبصورت لب ولہجہ میں نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر حافظ قمر عالم اور ماجد مدنی نے پورے پروگرام پر نظر رکھنے کے ساتھ آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا اور اور کیریئر پوائنٹ کے تحت چلنے والے کوچنگ سنٹر کے اغراض و مقاصد سے واقف کرایا ۔اس موقعہ پر پھول خان ، مرزا آرزو بیگ ،اشفاق میموریل آئی ٹی آئی کالج کے ڈائریکٹر شہباز محمد گڈو بابو ، ماسٹر محمد نعمان ، محمد ارمان ،محمد افضل ، مفتی افروز عالم امام وخطیب مسجد ہاٹ محلہ ،قاری قمر عالم ، فیاض احمد ،محمد کاشف ،محمد فیصل ،محمد خرم ، مرزا منور بیگ ،ماسٹر فیاض احمد بھاگلپوری ،مولانا نظرالاسلام ،محمد فیض اللہ ،محمد شہباز ،محمد علی امام سمیت کئی سرکردہ شخصیات موجود تھے۔مولانا باقی بااللہ کی دعا اور ماجد مدنی کے شکریہ کے ساتھ افتتاحی تقریب اختتام پذیر ہوا۔

Comments are closed.