مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

سرسید علیہ الرحمہ کی برسی منائی گئی
علی گڑھ، 27 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں آج یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خاں علیہ الرحمہ کی برسی منائی گئی۔ یونیورسٹی کی جامع مسجد میں نماز ظہر کے بعد قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ، اس کے بعد وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے مسجد کے احاطے میں واقع سرسید کی تربت پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔
اس موقع پر پروفیسر عبدالعلیم (ڈی ایس ڈبلیو)، پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی، پروفیسر توقیر عالم (ڈین، فیکلٹی آف تھیالوجی)، پروفیسر محمد حبیب اللہ (چیئرمین، شعبہ سنی دینیات اور ناظم دینیات)،پروفیسر سید طیب رضا نقوی (چیئرمین، شعبہ شیعہ دینیات)، ڈاکٹر فاروق احمد ڈار (پرووسٹ، ایس ایس ہال ساؤتھ) ، پروفیسر محمد طارق (پرووسٹ، ایس ایس ہال نارتھ) ،ڈاکٹر شارق عقیل (سی ایم او انچارج، یو ایچ ایس)، ڈاکٹر راحت ابرار (ایسوسی ایٹ ایم آئی سی ، پی آر او)، پروفیسر بی ڈی خان (پرنسپل، اجمل خاں طبیہ کالج)، پروفیسر ایم ایم سفیان بیگ (پرنسپل، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی)، پروفیسر ذکی انور صدیقی (ایم آئی سی ، لینڈ اینڈ گارڈن) اور یونیورسٹی کے دیگر اہلکار موجود رہے۔
اس سے قبل ڈاکٹر راحت ابرار، سابق ڈائریکٹر، اردو اکیڈمی، اور سابق پی آر او، اے ایم یو نے سینئر صحافی مسٹر طارق حسن اور ممبر انچارج ، دفتر رابطہ عامہ پروفیسر شافع قدوائی کی موجودگی میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کو اپنی تازہ ترین انگریزی کتاب ’سر سید احمد خانس رائٹنگس آن 1857 ریوولٹ‘ پیش کی۔
ڈاکٹر راحت ابرار کی کتاب مانک پبلشرز، نئی دہلی نے شائع کی ہے اور اس کا پیش لفظ معروف اسکالر ڈیوڈ لیلیویلڈ نے تحریر کیا ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ’ ’ڈاکٹر راحت ابرار نے ان متون کو یکجا کرکے اور موجودہ ہندوستان اور ایک بالکل مختلف دنیا کے چیلنجوں کے نقطہ نظر سے اپنی تشریح پیش کرکے نمایاں خدمت انجام دی ہے‘‘۔
اس کتاب پر پروفیسر اے آر قدوائی اور پروفیسر شافع قدوائی نے بھی مختصر تبصرے تحریر کئے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
14 ایم ایس ڈبلیو طلباء کا انتخاب
علی گڑھ 27 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سوشل ورک شعبہ کے 14 ایم ایس ڈبلیو طلباء کو کینسر کی روک تھام اور بیداری کے شعبے میں کام کرنے والی لکھنؤ کی غیرسرکاری تنظیم کینسر ایڈ سوسائٹی نے پروبیشنری اسسٹنٹ پروگرام آفیسر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے زیر اہتمام منعقدہ کیمپس پلیسمنٹ مہم کے توسط سے منتخب ہونے والے یہ طلباء دہلی، ممبئی، کولکتہ اور احمد آباد میں کام کریں گے۔
ٹی پی او مسٹر سعد حمید نے بتایا کہ منتخب طلباء میں ایمن بتول، کھیاتی گپتا، سید شاویز، آرمیش رضوی، شیخ صفوان خان، نازش گل، علی قمی، محمد تنویر عالم، سارہ حسن، محمد عمر نواز، محمد عاقب خان، محمد سعید اختر، اوم ویر سنگھ اور محمد سمیر خاں شامل ہیں۔
سوشل ورک شعبہ کے چیئرمین پروفیسر نسیم احمد خاںنے منتخب طلباء کو مبارکباد دی اور یونیورسٹی اور شعبہ کی ٹی پی او ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا۔
٭٭٭٭٭٭
انڈسٹریل کیمسٹری شعبہ میں توسیعی خطبات
علی گڑھ 27 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انڈسٹریل کیمسٹری شعبہ نے لیکچر سیریز کے تحت توسیعی خطبات کا اہتمام کیا، جس میں ممتاز سائنسداں، یونیورسٹی سینس ملائیشیا کے ریٹائرڈ پروفیسر اور ڈائریکٹر، پک آرپ ، پروفیسر محمد عمر نے ’کان کنی کی صنعت کے ماحولیاتی اثرات اور اس کا حل‘ اور ’دور افتادہ علاقوں میں پینے کے لیے زیر زمین پانی کا ٹریٹمنٹ‘ موضوع پر خطاب کیا۔
اپنے پہلے لیکچر میں پروفیسر عمر نے کان کنی کی صنعت کے ماحولیاتی اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے تمام متعلقہ افراد اور اداروں پر قدرتی وسائل کی محتاط کان کنی پر زور دیا تاکہ مٹی، زیر زمین پانی، نباتات وغیرہ کی آلودگی کو روکا جا سکے اور خطے کے سماجی تانے بانے سمیت پائیداری اور قدرتی تنوع کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے ملائیشیا میں مینگانیز کان کنی کے چنندہ مقامات کی کیس اسٹڈی بھی پیش کی۔
اپنے دوسرے خطبہ میں دور افتادہ علاقوں میں پینے کے پانی کی صفائی کے نظام پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر عمر نے ملائیشیا کے پہاڑی علاقوں میں مقامی آبادی کے لیے کچھ بڑے ٹریٹمنٹ پلانٹس کے ڈیزائن کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کے نمونے لینے اور آلودگی کی شناخت کے لیے فزیکو کیمیکل پیرامیٹرز کا مطالعہ کرنے سے ٹریٹمنٹ کے لیے ایک قابل عمل حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملی۔
انہوں نے سائنس و انجینئرنگ کے شعبوں کے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ دور افتادہ علاقوں میں پینے کے پانی کی دستیابی جیسے قومی مسئلہ کو حل کرنے کے لیے کمیونٹی سروسز کے لیے اپنی سائنسی صلاحیتوں کو بڑھائیں۔
قبل ازیں پروفیسر انیس احمد، چیئرپرسن، شعبہ انڈسٹریل کیمسٹری نے مہمان مقرر کا خیرمقدم کیا، جبکہ ڈاکٹر شہاب اے اے نامی نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد زین خان نے پروگرام کی نظامت کی۔
٭٭٭٭٭٭
انٹر ہال ایتھلیٹکس میٹ
علی گڑھ، 27 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی گیمز کمیٹی کے زیر اہتمام 95 ویں انٹر ہال ایتھلیٹکس میٹ 2023 میں سر سید ہال (جنوبی) نے پانچ تمغے جیتے ۔
مسٹر کرشنویر سنگھ، مسٹر ثاقب غنی، مسٹر اصغر علی اور مسٹر عادل خان نے 4×400 میٹر ریلے ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ مسٹر نسیم حق، ایتھلیٹکس کپتان، سرسید ہال (ساؤتھ) نے 800 میٹر کی دوڑ میں تیسرا مقام حاصل کیا۔
ہال کے پرووسٹ ڈاکٹر فاروق احمد ڈار نے ایتھلیٹکس میٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایتھلیٹک ٹیم کے اراکین کو مبارکباد پیش کی۔
٭٭٭٭٭٭
اورل ہیلتھ ڈے پر نکڑ ناٹک
علی گڑھ، 27 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے نرسنگ کالج میں ورلڈ اورل ہیلتھ ڈے کے موقع پر منہ کی صحت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بی ایس سی نرسنگ کے طلباء و طالبات نے ایک نکڑ ناٹک پیش کیا۔ اس موقع پر پروفیسر فرح اعظمی، پرنسپل، نرسنگ کالج نے بیداری پیدا کرنے میں نرسنگ کے طلباء کی کارکردگی کو سراہا۔ بی ایس سی کے طلباء مدیحہ، علینہ خان، عذرا، حنا، جیوتی، صائمہ، شالو، بشریٰ، چارلی، ایرن، ثانیہ، سیف اور فبیحہ نے نکڑ ناٹک میں کردار نبھائے۔
او پی ڈی انچارج اور نرسنگ آفیسر بشمول مسز پامیلا ایس جوزف، ڈاکٹر اسحاق محمد، مسز جے این سونجا، مسز شیوانی مسیح، مسز دیپتی منج، مسز روبینہ ناز، مسز ریشمہ لطفی، مسز ماوش مسیح، مسٹر اوم پرکاش ویراگی اور مسز مارشلین ہربرٹ نے پروگرام کے انعقاد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
٭٭٭٭٭٭
سی ایم ای کا اہتمام
علی گڑھ 27 مارچ: جے این میڈیکل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ امراض قلب نے شعبہ کے سیمینار روم میں ایک سی ایم ای کا اہتمام کیا، جس میں ڈاکٹر وبھاس اور ڈاکٹر ابھیشیک آنند، سینئر سائنسداں اور مشیر (وپرو جی ای) نے کنٹراسٹ انڈیوسڈ نیفروپیتھی اور ریڈیئیشن ہزارڈس اِن کیتھ لیب موضوع پر خطبات دئے۔
مقررین کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر شعبہ پروفیسر آصف حسن نے کیتھ لیب میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے اس موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سی ایم ای میں سینئر اساتذہ اور ریزیڈنٹس نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے طالب علم کو اسکالرشپ سے نوازا گیا
علی گڑھ، 27 مارچ: خلیق احمد نظامی مرکز علوم القرآن ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بی اے کے طالب علم حزامی یوتناوا کا داخلہ عالم اسلام کی معروف یونیورسٹی جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ، سعودی عرب میں ہوا ہے اور انھیں تعلیمی وظیفہ سے بھی نوازا گیا ہے۔ مسٹر حزامی کا تعلق تھائی لینڈ سے ہے ۔
خلیق احمد نظامی مرکز علوم القرآن کے اعزازی ڈائرکٹر پروفیسر اے آر قدوائی نے بتایا کہ مرکز کی جانب سے قرآنی علوم میں بی اے اور ایم اے کے ساتھ ساتھ کئی سرٹیفیکٹ کورسیز کرائے جاتے ہیں اور حال ہی میں قرآنی علوم میں پی ایچ ڈی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
Comments are closed.