Baseerat Online News Portal

انسانیت

اصغرحسین کاملؔ
نیوملت کالونی سیکٹر:2،پھلواری شریف،پٹنہ، موبائل نمبر:9304857248

قطرہ قطرہ پانی مل کر ایک سمندر ہوتا ہے
میل محبت سے ادنیٰ انسان سکندر ہوتا ہے

ملک ہمار ایک چمن ہے رنگ برنگے پھول یہاں
نفرت کی آندھی لانے کی کرے نہ کوئی بھول یہاں
اپنے اپنے کام میں پنڈت ملّا ہیں مشغول یہاں
مست مگن رکھتی ہے سب کو پریم نگر کی دھول یہاں

اک اک ہندوستانی کا دل پیار کا ساگر ہوتا ہے
میل محبت سے ادنیٰ انسان سکندر ہوتا ہے

جمہوری قدروں کو ہرگز تم پامال نہیں کرنا
کمزوروں پر طاقت کا تم استعمال نہیں کرنا
خود کو مالا مال، وطن کو تم کنگال نہیں کرنا
امن، اہنسا کی دھرتی اب خون سے لال نہیں کرنا

بھائی چارہ دولت سے ہر حال میں بہتر ہوتا ہے
میل محبت سے ادنیٰ انسان سکندر ہوتا ہے

قومی نغمہ گائیں ہم سب اورترنگا لہرائیں
دیش کی آن اور بان کی خاطر شان سے کرتب دکھلائیں
محنت کی کرنوں سے ہم تقدیرِ وطن کی چمکائیں
بچے ہیں فولاد یہاں کے اور بہادر ہیں مائیں

کوئی تو سردار بھگت سنگھ کوئی اکبر ہوتا ہے
میل محبت سے ادنیٰ انسان سکندر ہوتا ہے

مل جل کر ہم صدیوں سے اس دیش میں رہتے آئے ہیں
بھائی بن کر اک دوجے کے درد کو سہتے آئے ہیں
گنگا جمنا کے دھارے ہیں ساتھ میں بہتے آئے ہیں
صوفی، سنت ہمارے کاملؔ یہی تو کہتے آئے ہیں

دشمن کا بھی مان یہاں دستار بچھاکر ہوتا ہے
میل محبت سے ادنیٰ انسان سکندر ہوتا ہے

Comments are closed.