Baseerat Online News Portal

ترکیہ کے زلزلہ زدگان کوامداددینے والے ممالک میں سعودی عرب سرفہرست

بصیرت نیوزڈیسک
اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی امور ’اوچا‘ نے زلزلے کے بعد ترکیہ کوامداد فراہم کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔ امدادی ممالک نے 268 ملین ڈالر فراہم کیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ کےانسانی امور کے ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ ’سب سے زیادہ رقم سعودی عرب کی جانب سے دی گئی ہے۔ سب سے زیادہ مدد دینے والے ممالک میں سعودی عرب، امریکہ، کویت، یورپی کمشنری اور اقوام متحدہ کا ایمرجنسی فنڈ کے ادارے نے بھی مدد فراہم کی۔‘
بین الاقوامی عہدیدار نے تمام ممالک سے کہا کہ ’وہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے فنڈز کی فراہمی میں مدد کریں۔‘
عالمی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’زلزلے سے براہ راست نوے لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 30 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اقوام متحدہ کی انسانیت نواز ایجنسیوں نے 4.1 ملین سے زیادہ زلزلہ زدگان کو خوراک کے ماسوا امداد پہنچائی جبکہ 30 لاکھ افراد کو ہنگامی بنیادوں پر کھانے پینے کی اشیا فراہم کیں۔
علاوہ ازیں 7 لاکھ سے زیادہ افراد کو رہائش کے انتظامات میں مدد دی گئی۔ انہیں خیمے، رہائش کے امدادی یونٹ مہیا کیے گئے۔
1.6ملین افراد کو فراہمی و نکاسی آب اور صفائی کے سلسلے میں تعاون دیا گیا۔ 10 لاکھ لیٹر پینے کا پانی فراہم کیا گیا۔
ترکیہ کی وزارت صحت کو 4.6 ملین ویکسینیں، 16 موبائل ہیلتھ کلینک فراہم کیے گئے۔ علاوہ ازیں زخمیوں کے علاج کے لیے درکار سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

Comments are closed.