قاضی شہر مالیگاؤں مولانا عبد الاحد ازہری کا انتقال،جمعیۃ علماء نے کیااظہارتعزیت

ممبئی(پریس ریلیز)
شہر مالیگاؤں کے بزرگ عالم دین،جامعہ معہد ملت کے ناظم اعلیٰ،آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن تاسیسی، نائب صدر اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا،قاضی شہر حضرت مولانا عبد الاحد ازہری کا مختصر علالت کے آج بوقت فجر انتقال ہوگیا۔انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم جمعیۃعلماء ہند کے قانونی مشیر ایڈوکیٹ شاہد ندیم احسان الرحیم کے بڑے ابااورمولانا راشد اسعد ندوی (امام و خطیب مسجد عمر فاروق کھڈے کی باڑی ممبئی)کے والد تھے۔
نماز جنازہ بعد نماز ظہر حمیدیہ مسجد بڑا قبرستان مالیگاؤں میں ادا کی گئی اور سوگواروں کی موجودگی میں تدفین عمل میں آئی۔
مرحوم نے پوری زندگی ملت اسلامیہ کی خدمت اور کئی نسلوں کی دینی تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دیا ہے۔
پسماندگان میں ۴/ لڑکے اور ۳/ لڑکیاں اور پوتے پوتوں اور نواسے نواسیوں سے بھرا پُرا کنبہ ہے۔اور الحمد للہ سب دینی و عصری تعلیم یافتہ ہیں۔
مرحوم کو پچاس سال تک تراویح میں قران پاک سنانے، دارالقضاء کی مسند پر چالیس سال تک قاضی کے عہدے پر فائز رہ کر لوگوں کے درمیان شریعت مطہرہ کے مطابق فیصلے کرنے کا اعزاز حاصل رہا، مہاراشٹر کی پہلی دینی تعلیمی اقامتی درس گاہ جامعہ معہد ملت مالیگاؤں سے 1958میں سند فضیلت حاصل کی اور مزید علم میں گیرائی اور گہرائی حاصل کرنے کے لیئے ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کا سفر کیا اور وہاں دو سال رہ کر اس وقت کے بڑے بڑے علماء سے اکتساب فیض کیا پھر اس کے بعد جامعہ ازہر مصر کا سفر کیا اور وہاں د و سال رہ کر فلسفہ و عقائد میں بی اے کی ڈگری حاصل کی۔مرحوم نے معہد ملت میں بارہ سالوں تک بخاری شریف کادرس دیا اور چالیس سالوں تک مسلسل مسلم شریف کا درس دیا نیز چالیس سالوں تک قرآن مجید کا درس دیااور اس دوران درس نظامی کی ساری کتابیں پڑھائیں۔
مرحوم کے انتقال پر الحاج گلزار احمد اعظمی سکریٹری قانونی امداد کمیٹی جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت مسنونہ پیش کی اور بار گاہ ایزدی میں دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے،درجات کو بلند فرمائے اور ان کی دینی و سماجی خدمات کو قبول فرمائے۔
ائمہ مساجد،ذمہ داران مدارس عربیہ اور جماعتی احباب سے مرحوم کے لئے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لئے دعا کے اہتمام کی درخواست ہے۔

Comments are closed.