مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

اے ایم یو کی ٹیم نے آئی آئی ٹی بامبے میں منعقدہ سمپوزیم میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا
علی گڑھ، 5 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے شعبہ ارضیات کے پوسٹ گریجویٹ طلباء ادیتی گپتا، ایان احمد، دلیشا صبور قدوائی، جوائتری مکھرجی، محمد ارباز، محمد طلحہ اور روہت گپتا پر مشتمل سات رکنی ٹیم نے آئی آئی ٹی بامبے میں منعقدہ چوتھے قومی اسٹوڈنٹ ٹیکنیکل سمپوزیم ’’پروٹولیتھ 2023‘‘ میں شرکت کی۔ سمپوزیم کا اہتمام حال ہی میں شعبہ ارتھ سائنسز، آئی آئی ٹی بامبے نے کیا تھا ، جس میں اے ایم یو کی ٹیم نے پائریٹس آف پروٹولیتھ (ٹریزر ہنٹ مقابلہ) میں پہلا انعام، ارتھٹیکٹ ( ماڈل پریزنٹیشن مقابلہ) میں دوم انعام، پروٹو ہنٹر (جیو فزیکل چیلنج) میں تیسرا مقام اور برین فولڈی ( کوئز مقابلہ) میں چوتھا مقام حاصل کیا۔ سمپوزیم میں ہندوستان بھر کے اداروں سے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
شعبہ ارضیات کے سربراہ پروفیسر کنور فراہیم خاں نے طلباء کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نوجوان صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں مددگارثابت ہوگی اور دیگر طلباء و طالبات کو بھی تحریک ملے گی۔
٭٭٭٭٭٭
خواتین کے عالمی دن پر سمپوزیم کا اہتمام
علی گڑھ، 5 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اِنڈو-یو ایس، اے پی جے عبدالکلام اسٹیم ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سنٹر نے انٹرنیشنل سوسائٹی آف مسلم ویمن اِن سائنس (آئی ایس ایم ڈبلیو ایس) کے تعاون سے ہائبرڈ موڈ میں انٹرنیشنل ویمنس ڈے سمپوزیم کا انعقاد شعبہ طبیعیات کے کانفرنس روم میں کیا۔
نوجوان طالبات کوسائنس ، ٹکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (اسٹیم) میں اعلیٰ تعلیم کے لیے راغب کرنے کی کوششوں کے تحت سمپوزیم میں ”ینگ اسٹیم چیمپیئن کالوکیئم” کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں تقریر اور پوسٹر سازی کے مقابلے ہوئے۔ ان مقابلوں میں سینئر سیکنڈری اسکول، اے ایم یو، اور اے ایم یو گرلز اسکول کی طالبات نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی پروفیسر نعیمہ خاتون، پرنسپل ویمنس کالج نے اپنے تجربات کے حوالے سے طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لئے سائنس ، ٹکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (اسٹیم)کے مضامین کا انتخاب کرنے کی ترغیب دی۔
پروفیسر توحید احمد (ڈائریکٹر،اے پی جے عبدالکلام اسٹیم سنٹر) اور پروفیسر انل کے پردھان (ڈائریکٹر، او ایس یو) نے مشترکہ طور پر خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
معاون ڈائرکٹر پروفیسر فرخ ارجمند نے اسٹیم کے مضامین میں خاتون سائنسدانوں کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ طالبات کو سائنس اسٹریم میں داخلہ لینا چاہیے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔ پروفیسر سلطانہ ناہر (شریک ڈائرکٹر، او ایس یو) نے کائنات اور کہکشاؤں کے بارے میں جانکاری کے موضوع پر گفتگو کی اور مسلم سائنسدانوں اور آئی ایس ایم ڈبلیو ایس کی حصولیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
پروفیسر اکرام خان نے سنٹر کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ مہمان اعزازی ڈاکٹر فائزہ عباسی (ڈائریکٹر،یوجی سی ایچ آر ڈی سی) ، ڈاکٹر محمد اظہر عزیز (ڈائریکٹر، انٹر ڈسپلنری نینو ٹیکنالوجی سینٹر) اور مسز نغمہ عرفان (پرنسپل، سینئر سیکنڈری اسکول گرلز) نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔
پروفیسر سلطانہ ناہر کی قائم کردہ تنظیم آئی ایس ایم ڈبلیو ایس ، امریکہ کی جانب سے پروفیسر صبا بیگ، ڈاکٹر عروس الیاس، ڈاکٹر صالحہ جمال، ڈاکٹر ہما حیدر اور ڈاکٹر صالحہ نسیم کو ان کی سائنسی خدمات کے لئے اساتذہ کے زمرے میں اعزازات سے نوازا گیا، جب کہ ینگ ریسرچ اسکالرز کے زمرہ میں مہروش فاطمہ، صفورا اختر، دیپیکا وششٹھ، نرگس بانو اور نرجس فاطمہ کو اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریر اور پوسٹر سازی میں ینگ اسٹیم چیمپئن کے تحت بھویہ سکسینہ، مس ثانیہ، مس شفا، عائشہ جبین ، خدیجہ نور ، صفورانور اور مائرہ رضوی کو انعامات سے سرفراز کیا گیا ۔ ڈاکٹر صالحہ نسیم (اسسٹنٹ پروفیسر،آئی این سی) اور ڈاکٹر ندا رحمانی (امریکہ) نے مشترکہ طور سے پروگرام کی نظامت کی جبکہ ڈاکٹر صالحہ نے شکریہ کے کلمات ادا کئے ۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے 56 طلباء کا انتخاب
علی گڑھ 5 اپریل: ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، اے ایم یو کے 56 انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کو ایک آن لائن کیمپس پلیسمنٹ مہم کے توسط سے لارسن اینڈ ٹوبرو لمیٹڈ، ممبئی نے ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔ اس کا اہتمام انجینئرنگ کالج کے ٹریننگ و پلیسمنٹ دفتر نے کیا تھا ۔
ٹی پی او مسٹر فرحان سعید نے منتخب طلباء کو مبارکباد پیش کی۔
٭٭٭٭٭٭
اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی میں مختلف عہدوں کے لیے انتخابات
علی گڑھ 5 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی کے مختلف عہدوں کے لئے انتخاب عمل میں آیا۔ چوتھے سمسٹر کی پوسٹ گریجویٹ طالبہ بینش راشد کو اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی کا نائب صدر، مس صفیہ (ایم اے، دوم سمسٹر) کو سکریٹری اور مس فرحین (ایم اے،چوتھا سمسٹر) کو جوائنٹ سکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔ ذکرہ حمید، حلیمہ، عافیہ، ممتاز اور مونڈل، سوسائٹی کے اراکین منتخب کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر اعجاز احمد اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی کے صدر ہیں۔اسی طرح شفیعہ اکبر (ایم اے، چوتھا سمسٹر) کو سکریٹری اور نصرت شکیل (ایم اے، دوم سمسٹر ) کو جوائنٹ سکریٹری، سیمینار لائبریری منتخب کیا گیا ۔
اسلامک اسٹڈیز سوسائٹی اور اسلامک اسٹڈیز سیمینار لائبریری میں مختلف عہدوں کے انتخابات صدر شعبہ پروفیسر عبدالحمید فاضلی کی زیر نگرانی منعقد ہوئے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے طلباء کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے
علی گڑھ، 5 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے 284 طلباء کو آج ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر (ڈی ایس ڈبلیو) آفس، اے ایم یو میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فون تقسیم کئے گئے۔
مسٹر سدھیر کمار، ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ دوئم اور پروفیسر عبدالعلیم ( ڈی ایس ڈبلیو، اے ایم یو) نے حکومت اترپردیش کی ٹیبلٹ و اسمارٹ فون تقسیم کی اسکیم کے تحت پی ایچ ڈی، بی ٹیک، ایم اے، بی ای وغیرہ کے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ ریاست میں تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ڈجیٹل اعتبار سے بااختیار بنانے کے لیے حکومت اتر پردیش نے یہ اسکیم نافذ کی ہے۔
پروفیسر عبدالعلیم نے کہا کہ 2021 سے اے ایم یو کے طلباء میں اب تک تقریباً 3000 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر وبھا شرما، ڈپٹی ڈی ایس ڈبلیو؛ پروفیسر ایم شاہ الحمید؛ ڈاکٹر صبا زیدی، اسسٹنٹ ڈی ایس ڈبلیو؛ ڈاکٹر عبدالصمد، نوڈل آفیسر؛ ڈاکٹر جہانگیر چوہان; ڈاکٹر علی عمران عثمانی; ڈاکٹر محمد شاکر اور ڈاکٹر جاوید عالم موجود تھے۔

Comments are closed.