مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

انسٹی ٹیوٹ آف پرشین ریسرچ میں ڈاکٹر قہرمان سلیمانی کا استقبال
علی گڑھ، 8 اپریل : انسٹی ٹیوٹ آف پرشین ریسرچ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیر اہتمام مرکزتحقیقات فارسی ، خانۂ فرہنگ، جمہوری اسلامی ایران، نئی دہلی کے نومنتخب ڈائرکٹر ڈاکٹر قہرمان سلیمانی کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سابق ڈائرکٹرمرکز تحقیقات فارسی، ڈاکٹر احسان اللہ شکراللّٰہی نے بھی شرکت کی۔ پروفیسر محمد عثمان غنی، ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پرشین ریسرچ نے سبھی مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں مراکز کے درمیان پہلے کی طرح ہی تحقیق کے تعلق سے داد و ستد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پروفیسر آزرمی دخت صفوی نے پاور پوائنٹ کے ذریعہ مرکز کی کارگزاری سے مہمانوں کو روشناس کرایا۔
اس موقع پرڈاکٹرقہرمان سلیمانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکز تحقیقات فارسی ہندوستان میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد ریسرچ سینٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر صفوی کے ذریعہ قائم کردہ یہ مرکز فارسی زبان و ادب کی گسترش کے لئے نمایاں کارنامہ انجام دے رہا ہے۔ در حقیقت موجودہ عہد میں یہ مرکز ایران اور ہندوستان کے درمیان علمی و فرہنگی روابط کے فروغ میں ایک اہم کڑی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک فارسی زبان و ادب کو پروفیسر صفوی جیسے فعال استاد کی خدمات حاصل ہیں اس کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ڈاکٹر قہرمان سلیمانی نے مرکز میں آمد پر خوشی کا اظہار کیااور مستقبل میں کتابوں کی اشاعت اور دیگر امور میں مرکز کو ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔
ڈاکٹر قہر مان سلیمانی نے کہا کہ مرکز تحقیقات فارسی اور ایران کی یونیورسٹیز کے درمیان مشترک دلچسپی کے موضوعات پر ریسرچ پروجیکٹس عمل میں آئیں جس میں ہندوستانی اور ایرانی محققین مل کر کام کریں۔ مرکز تحقیقات کے ذمہ داران نے ان کی اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے گزارش کی کہ وہ اس پروگرام کو عمل میں لانے کے لیے وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے درخواست کریں۔ انھوں نے اس بات پر اپنی رضامندی ظاہر کی۔
ڈاکٹر احسان اللہ شکراللّٰہی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہندوستان اور ایران کے رشتوں کو بہتر بنانے میں فارسی زبان نے اہم کردار ادا کیاہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی ثقافت کاہندوستانی ثقافت پر بہت گہرا اثر ہے جس کا روز مرہ کی زندگی میں ہم سب مشاہدہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مرکز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اورمرکز کے اشاعتی کاموں کی تعریف کی۔
اس استقبالیہ تقریب میں کثیر تعداد میں اساتذہ اور طلبا نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکز تحقیقات کی چند مطبوعات بھی ڈاکٹر قہرمان سلیمانی کی خدمت میں پیش کی گئیں۔
٭٭٭٭٭٭
اورل اینڈ میکزیلو فیشیئل سرجری میں کلینیکل ٹریننگ پروگرام
علی گڑھ،8 اپریل : ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج (زیڈ اے ڈی سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجری شعبہ میں اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجری کے تین ماہ کے آبزرویشن پر مبنی کلینیکل ٹریننگ پروگرام کے اگلے بیچ کے لئے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں ۔
اورل اینڈ میکزیلوفیشیئل سرجری شعبہ کے چیئرپرسن پروفیسر جی ایس ہاشمی نے بتایا کہ ڈینٹل کونسل آف انڈیا کے تسلیم شدہ اداروں سے بیچلر آف ڈینٹل سرجری (بی ڈی ایس) پاس امیدوار جنہوں نے گزشتہ دو سال کے اندر اپنی انٹرن شپ مکمل کی ہے، کلینیکل ٹریننگ پروگرام کے لئے درخواست دینے کے اہل ہیں۔
ویب سائٹ www.amu.ac.in سے ڈاؤن لوڈ کرکے باضابطہ طور پر بھرے ہوئے درخواست فارم کو ای میل آئی ڈی: [email protected] اور [email protected] پر 25 اپریل 2023تک بھیجا جا سکتا ہے۔
اس پروگرام کے لئے صرف تین امیدواروں کو پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر منتخب کیا جائے گا۔ ٹریننگ کی فیس 50000 روپے ہے ۔تربیتی پروگرام کا آغاز یکم مئی 2023 سے ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭
کیریئر کاؤنسلنگ پر انٹرایکٹیو سیشن
علی گڑھ، 8 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں زیر تعلیم ایم اے لسانیات کے چوتھے سمسٹر اور ایل اے ایم ایم کے طلباء کے لیے شعبہ کی آئی ٹی لیب میں کیریئر کاؤنسلنگ اور جاب پلیسمنٹ پر مبنی ایک انٹرایکٹیو سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
مسٹر سعد حمید، ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) اور شعبہ لسانیات کے فیکلٹی ممبران نے بہتر تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اچھے کیریئر کے امکانات کے لیے متعلقہ مہارتوں کے حصول کے بارے میں طلباء و طالبات کو رہنمائی فراہم کی۔
شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر پلو وشنو بھی اس موقع پر موجود تھے۔
٭٭٭٭٭٭
پروفیشنل سی وی رائٹنگ پر ویبینار
علی گڑھ، 8 اپریل: ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے مشترکہ طور پر ’پروفیشنل سی وی رائٹنگ‘ پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا۔
پروفیسر حشمت علی خاں، پرووسٹ، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال نے طلباء کو یقین دلایا کہ وہ ان کی ہمہ گیر ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
مسٹر سعد حمید، ٹی پی او، اے ایم یو نے کارپوریٹ توقعات اور جاب مارکیٹ کی ضروریات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے طلباء کے سوالوں کے جواب دیے اور سی وی تیار کرنے کی مہارتوں اور پیچیدگیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہال کے ساتھ مل کر طلباء کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی ویبینارکی سیریز منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ویبینار کے ریسورس پرسن ڈاکٹر شہاب شبیر، اسسٹنٹ پروفیسر، فیکلٹی آف لاء، اے ایم یو نے مختلف پیشوں کے لیے موزوں سی وی کی مختلف قسموں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے سی وی کے متعدد اہم پہلوؤں سے روشناس کراتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بھیڑ سے الگ کیسے نظر آئیں اور سی وی میں عام طور سے کی جانے والی غلطیوں سے کیسے بچا جائے۔
آخر میں سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ ہندوستان کے مختلف اداروں کے 250 سے زائد افراد نے ویبنار میں شرکت کی۔
آرگنائزنگ ٹیم میں امبیڈکر ہال کے جوائنٹ ادبی سکریٹری یوسف ازہری اور جوائنٹ سینئر ہال کیف حسن شامل تھے۔
مسٹر یوسف نے ویبینار کی نظامت کی اور شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
٭٭٭٭٭٭
عالمی یوم صحت پر ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ، 8 اپریل: عالمی یوم صحت پر اے ایم یو کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ تحفظی و سماجی طب نے میوزیم ہال میں ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا۔ انٹیگریٹڈ کمیونٹی ہیلتھ پر منعقد ہونے والی ورلڈ کانگریس کی یہ پہلی پری کانفرنس ورکشاپ تھی۔ اس کا اہتمام انڈین انٹیگریٹڈ کمیونٹی ہیلتھ ایسوسی ایشن (آئی آئی سی ایچ اے) اور سمنان امپیریل گلڈ (ایس آئی جی) کے اشتراک سے کیا گیا ۔
اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کی تیار کردہ ایک مختصر ویڈیو دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔
صدر شعبہ پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں عالمی یوم صحت کی اس سال کی تھیم ’’صحت سب کے لیے‘‘ کے بارے میں گفتگو کی۔ ڈبلیو ایچ او کے نوڈل آفیسر اور میڈیا ایڈوائزر ہونے کے ناطے انہوں نے مختلف اہم سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔
سینئر استاد پروفیسر ایم ایم وامق امین اس موقع پر بطور مہمان اعزازی شریک ہوئے۔ انھوں نے یونانی نظام طب کی تعلیمات کے مطابق طرز زندگی میںمثبت تبدیلیوں پر زور دیا۔
پروفیسر بی ڈی خان، پرنسپل، اجمل خان طبیہ کالج نے یونانی طب کے ذریعے مجموعی صحت کی دیکھ بھال میں یونانی معا لجین اور ادویات بنانے والی اکائیوں کے باہمی تعاون کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔
اس موقع پر دو مدعو خطبات ہوئے ۔ ڈاکٹر عبدالعزیز خاں نے ’’بنیادی صحت دیکھ بھال کے ذریعہ سبھی کے لیے صحت اور طب یونانی کے لئے امکان‘‘ موضوع پر اظہار خیال کیا، جب کہ ڈاکٹر محمد سلمان شاہ، شعبہ کمیونٹی میڈیسن، جے این ایم سی نے ’’یونیورسل ہیلتھ کوریج کے ذریعے سبھی کے لیے صحت‘‘ موضوع پر خطبہ دیا۔
اس موقع پر ورلڈ کانگریس آن انٹیگریٹڈ کمیونٹی ہیلتھ (WCICH-2024) کی آفیشل ویب سائٹ اور معلوماتی بروشر کا اجراء چیئرمین اور ڈاکٹر عمار ابن انور نے کیا۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر عطیہ انجم نے کی ، جب کہ عائشہ پروین، لولی سنگھ، انعم اطہر اور محمد جنید نے مشترکہ طور پر کارروائی کو مربوط کیا۔
٭٭٭٭٭٭
آر سی اے کے طالب علم کی یوپی پی سی ایس امتحان میں کامیابی
علی گڑھ، 8 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) کے طالب علم مسٹر ابھیشیک سنگھ نے اتر پردیش پبلک سروس کمیشن کی جانب سے منعقد کئے جانے والے یو پی پی سی ایس امتحان-2022 میں کامیابی حاصل کی ہے ۔
پروفیسر صغیر احمد انصاری، ڈائریکٹر، آر سی اے نے بتایا کہ پری اور مینز امتحانات کے لیے باقاعدہ موک ٹیسٹ سیریز کا انعقاد کیا گیا اور آر سی اے میں ماہرین تعلیم اور ریٹائرڈ بیوروکریٹس کی مدد سے موک انٹرویو کے سیشن بھی ہوئے۔
مسٹر ابھیشیک سنگھ نے سال 2017 میں ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، اے ایم یو سے بی ٹیک (مکینیکل انجینئرنگ) کی تکمیل کی۔
پروفیسر صغیر احمد نے مسٹر سنگھ کو پی سی ایس امتحان میں انتخاب کے لیے مبارکباد پیش کی۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے بھی منتخب امیدوار کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے بہتر کیریئر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے طالب علم کی حادثاتی موت پر رنج والم کا اظہار
علی گڑھ، 8 اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر، یونیورسٹی کے اساتذہ، اور شعبہ انگریزی، اے ایم یو کے عملہ کے اراکین نے بی اے انگریزی (چہارم سمسٹر) کے طالب علم آگت سنگھ کی ناگہانی موت پر اپنی دلی تعزیت پیش کی۔ ان کا گزشتہ روز ایک سڑک حادثے میں انتقال ہوگیا تھا۔
پروفیسر عبدالعلیم (ڈی ایس ڈبلیو)، پروفیسر ایم وسیم علی (پراکٹر)، پروفیسر عاصم صدیقی (چیئرپرسن، شعبہ انگریزی) اور پروفیسر بی پی سنگھ (پرووسٹ، این آر ایس سی) پر مشتمل یونیورسٹی اہلکاروں کے ایک وفد نے آج متوفی کے گھر جاکر سوگوار کنبہ سے ملاقات کی اور وائس چانسلر اور اے ایم یو برادری کی جانب سے اپنی تعزیت پیش کی۔
شعبہ انگریزی میں ایک تعزیتی جلسہ بھی منعقد کیا گیا جس میں شعبہ کے اساتذہ اور عملے نے ایک نوجوان اور ذہین طالب علم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور دل کی یادیں تازہ کیں۔ پروفیسر عارف نذیر، ڈین، فیکلٹی آف آرٹس نے تعزیتی جلسہ کی صدارت کی۔
پروفیسر عاصم صدیقی نے تعزیتی پیغام پڑھتے ہوئے کہا ’’یہ جان کر بہت دکھ ہوا کہ ایک نوجوان طالب علم ہم سے اچانک جدا ہوگیا۔ شعبہ کے اساتذہ، طلباء اور عملے کے اراکین مسٹر آگت سنگھ کے افسوسناک انتقال پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں‘‘ ۔
آگت سنگھ کے اساتذہ انھیں ایک سنجیدہ اور محنتی طالب علم کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ وہ نظم و ضبط کے پابند تھے اور اپنے طرز عمل میں بہت اچھے اور طلباء میں بہت مقبول تھے۔ تعزیتی قرارداد میں کہا گیا ’’ہم آگت سنگھ کے سوگوار کنبہ کے لئے اپنی دعائیں اور گہری تعزیت پیش کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ان کے والدین، بہن بھائیوں اور خاندان کے دیگر افراد کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ ملیــ‘‘۔
پروفیسر ثمینہ خان اور پروفیسر سمیع رفیق نے اپنے شاگرد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اس المناک واقعے پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آگت سنگھ کا ایک پیغام بھی سنایا گیا جس میں وہ دنیا میں امن و محبت کے فروغ کی بات کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ آگت کے سینئر مسٹر شمس نے بھی اپنے تعلقات وروابط کا ذکر کیا ۔
آخر میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے آنجہانی کی روح کی سکون کی دعا کی گئی۔
٭٭٭٭٭٭

Comments are closed.