Baseerat Online News Portal

ہر درو دیوار کی رونق بڑھادیتی ہے عید

عبدالغفاردانشؔ
نورپور ضلع بجنور،یوپی
9897565066

ہر درو دیوار کی رونق بڑھادیتی ہے عید
زندگی کیا ہے ہمیں آکر بتا دیتی ہے عید

باہمی رفق و محبت کا پتا دیتی ہے عید
نفرت و بغض و حسد دل سے مٹا دیتی ہے عید

دامن رحمت کو اپنے کھول دیتا ہے خدا
مومنوں پر برکتیں اپنی لٹا دیتی ہے عید

یہ مصافحے ،یہ بغل گیری ،سوئیاں ،فیرنی
امن کا پیغام اور درس وفا دیتی ہے عید

بھول جائیں آج ہم اپنے گلے شکوے سبھی
فرق رنگ و نسل بھی یکسر مٹا دیتی ہے عید

اقربا کی دید ہی سچی خوشی ہے عید کی
جو وطن سے دور ہیں ان کو رلا دیتی ہے عید

زندگی ،زندہ دلی کا بھی سبق دیتی ہے یہ
بے وفا لوگوں کو بھی درس وفا دیتی ہے عید

شہر و قصبہ ہو کہ وہ چھوٹا سا کوئی گائوں ہو
ہر جگہ اک شادمانی کی فضا دیتی ہے عید

صاحبان مال وزر کو ہی نہیں کرتی ہے خوش
خستہ حالوں کا بھی منھ میٹھا کرادیتی ہے عید

ہندو مسلم سکھ عیسائی بھی گلے ملتے ہیں خوب
پیار اور انسانیت کا آئینہ دیتی ہے عید

کتنا پیارا ہے نظام صدقہ و عشر و زکاۃ
مفلس و قلاش کو اوپر اٹھادیتی ہے عید

بارگاہ ایزدی میں سر جھکاتے ہی میاں
عاجزی اور انکساری کو بڑھا دیتی ہے عید

ہے صدا اللہ اکبر کی گلی کوچوں میں آج
جذبہ ٔ تو حید ہر دل میں جگا دیتی ہے عید

دے رہے ہیں عید کے دن سب مبارکبادیاں
سرحدوں کے فاصلوں کو بھی مٹا دیتی ہے عید

ہے خدا راضی تو دانش روز روزِ عید ہے
وہ اگر راضی نہیں تو کیا مزہ دیتی ہے عید

Comments are closed.