دوسری کھیپ یا سکنڈ لائن کی تیاری موجودہ وقت کی اہم ضرورت

 

میرا مطالعہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی

 

اکابر کی تاریخ کے مطالعہ سے یہ حقیقت واضح ہوتی ھے کہ ماضی میں افراد سازی کے لیے ان کے یہاں تربیت کا نظام قائم تھا ، وہ حضرات اچھے طلبہ کو اپنے ساتھ رکھتے ،ان کی تربیت کرتے تھے ، جب وہ ان کے معیار کے مطابق تیار ھو جاتے ،تو ان کو عوام کے سامنے پیش کرتے ، اپنے سامنے ان سے تقریر یں کراتے ، اپنے سامنے مسائل حل کراتے ، تاکہ لوگوں کے دلوں پر ان کی صلاحیت کا سکہ بیٹھے اور عوام و خواص کا اعتماد بحال ھو ، یہ طریقہ صرف مشائخ اور علماء کے درمیان رائج نہیں تھا ،بلکہ اصحاب سیاست کے درمیان بھی یہ سلسلہ رائج تھا ، چنانچہ اکابر مشائخ ،علماء اور ارباب سیاست کی موجودگی میں ہی دوسری کھیپ یا سکنڈ لائن کے افراد تیار ہو جاتے تھے ،جو ان کے بعد ان کی جانشین بن کر ان کے کام کو آگے بڑھاتے تھے ، مگر جیسے جیسے وقت گزرتا گیا ، اس سلسلہ میں کمزوری آتی گئی ، تصوف کو چھوڑ کر دوسرے حلقہ میں دھیرے دھیرے یہ سلسلہ بند ہوگیا ، تصوف میں یہ سلسلہ جاری ھے ، مگر میرے مطالعہ کے مطابق موجودہ وقت میں تصوف کا سماجی خدمات میں کوئی موثر رول نظر نہیں آتا ھے ، جہانتک دیگر شعبے کی بات ھے ، وہاں دوسری کھیپ یا سکنڈ لائن کا وجود نہیں ھے ، جبکہ سکنڈ لائن ہی نے ہمیشہ خلا کو بھرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے

ملک کی آخری 8/ دہائیوں کا جائزہ لیا جائے ،تو ہمارے ملک میں اس جانب توجہ نہیں دی گئی ، اگر یہ کہا جائے کہ ہمارے ملک میں دوسری کھیپ تیار کرنے کے بجائے صاحبزادگان کو آگے بڑھانے کا کام کیا گیا ، تو غلط نہ ھوگا ، مگر اس روایت کو ان کے اپنے حلقہ کے علاؤہ دیگر عوام نے نکار دیا اور خواص نے بھی اس کو قبول نہیں کیا ، نتیجہ ھے کہ خلا پر نہیں ہوسکا ، یہی نہیں ، بلکہ اب تو اکثر اکابر کے وصال کے بعد وراثت کے طور پر ادارے تقسیم ہونے لگے ، یہ نہایت ہی افسوس کی بات ھے ، یہ معاملہ یکطرفہ نہیں ھے ، بلکہ اب عام لوگوں کی بھی حالت ایسی ہوگئی ھے کہ کوئی کسی کی قیادت کو مشکل سے قبول کرنے کو تیار ہے ، جس کی وجہ سے مرکزیت روز بہ روز کمزور ہوتی جارہی ھے

آج ہم جس دور سے گزر رہے ہیں ، اس دور میں مسلم سماج کسمپرسی کی حالت میں ھے ، یہ دور مادیت کا ھے ، مسلم سماج ذہنی کشمکش کا شکار ہے ،ایسے وقت میں اس کی ضرورت ہے کہ مضبوط سکنڈ لائن تیار کرنے پر زور دیا جائے ، اور وہ سکنڈ لائن کی بنیاد عزیمت ، ایثار ، قربانی ،اخلاص اور قائدانہ صلاحیت ہو ، تاکہ کسی بھی شعبہ میں خلا محسوس نہ ھو ، اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ وہ اس کے لئے راہ ہموار کرے ، تاکہ ملت میں مضبوط سکنڈ لائن تیار ہو سکے.

Comments are closed.