الیکشن میں سیکولر اور اچھے امیدوار کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے آپسی اتحاد ضروری
میرا مطالعہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹر مولانا ابوالکلام قاسمی شمسی
ہمارا ملک ہندوستان مختلف مذاہب کا گہوارہ ہے ، یہان ہندو ،مسلم ،سکھ ، عیسائی اور دیگر مذاہب کے ماننے والے بھی بستے ہیں ، سبھی ہزاروں برس سے آپسی میل محبت اور قومی یک جہتی کے ساتھ رہتے آئے ہیں ، یہ ملک کثرت میں وحدت کی مثال پیش کرتا رہا ہے ، اس طرح یہ ایک مثالی ملک رہا ھے اور آج بھی ھے ، مگر لگ بھگ ایک دہانی سے ملک میں کچھ غلط عناصر نے مذہب کی بنیاد پر نفرت کا ماحول پیدا کردیا ہے ، جس سے ملک کا ماحول نفرت زدہ ہوگیا ہے ، ساتھ ہی اقلیت اور اکثریت کا مسئلہ اٹھا کر ملک کے ماحول کو نفرت سے آلودہ کردیا گیا ھے ،
ہندوستان ایک جمہوری ملک ھے ، یہاں آئین کو بالا دستی حاصل ھے ، ہندوستان کے آئین کی بنیاد سیکولرزم پر ہے ، اور ملک کے ہر شہری کو آئین کے دائرے میں بہت سے حقوق دیئے گئے ہیں ، ان میں مذہبی آزادی کا حق ، تعلیمی ادارے قائم کرنے کا حق ، جان و مال ،عزت و ابرو کی حفاظت کا حق اور ووٹ دے کر اپنے پسند کے نمائندہ منتخب کرنے کا حق شامل ھے ،
ملک کے آئین کے مطابق ووٹ دینے کا حق آئینی حق ہے ، یہ ملک کے ہر شہری کے لئے نہایت ہی اہم ہے ، ووٹ کا صحیح استعمال کر کے ہم اپنے پسند کے نمائندے منتخب کر کے سیکولر اور اچھی حکومت بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں ،
ملک کی تعمیر و ترقی اور آئین کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ، اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر الیکشن میں اچھے کردار کے امیدوار کی جیت کو یقینی بنائیں ، اس کے لئے آپسی اتحاد ضروری ہے , ملک جس دور سے گزر رہا ھے ، اس میں نفرت کا زہر گھول دیا گیا ہے ، اس نفرت کا مقابلہ ہم ملک کے آئین میں دیئے گئے ووٹ کے حق کے ذریعہ کرسکتے ہیں ،
ووٹنگ کے سلسلہ میں مسلم سماج میں بیداری کم دیکھنے میں آتی ہے ، ووٹنگ کے وقت مسلم حلقہ میں عام طور پر پولنگ کم ہوتا ھے ، کچھ پولنگ ہوتا بھی ھے، تو۔ انتشار بہت زیادہ دیکھنے میں آتا ھے ، جس کی وجہ سے مسلمانوں کا ووٹ بےوقعت ہو جاتا ہے ، وہ حلقہ جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے ، آپسی انتشار کی وجہ سے وہاں سے بھی اچھے امیدوار جیت نہیں پاتے ہیں ،یہ بڑا المیہ ہے ، اس لئے بالخصوص موجودہ وقت میں اس کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے اندر بیداری لائیں ، ہم اپنے ووٹ کا استعمال ضرور کریں ، آپس میں اتحاد بنائیں ، اپنے ووٹ کو منتشر ہونے سے بچائیں ، اچھے ، صاف کردار والے اور جیتنے والے امیدوار کو اپنا ووٹ دیں ، ووٹ آئینی حق ہے ،اس کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں.
Comments are closed.