Baseerat Online News Portal

جرمنی نے ’آزادی صحافت‘ کے تنازع پر ترک سفیر کو طلب کرلیا

بصیرت نیوزڈیسک
برلن نے ترک سفیر کو بتایا کہ وہ آزادی صحافت کی خلاف ورزی کے ترکی کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
گزشتہ ہفتے انقرہ نے فرینکفرٹ میں دو ترک نامہ نگاروں کو حراست میں لینے کے دعوے کے بعد جرمنی کے سفیر کو طلب کرلیا تھا۔
یہ دونوں نامہ نگار ترک روزنامہ صباح کے فرینکفرٹ بیورو کے لیے کام کرتے تھے۔
جرمن وزات خارجہ نے کہا کہ اس نے انقرہ کے سفیر کو مطلع کیا ہے کہ، "جرمن حکومت آزادی اظہار اور پریس کے ساتھ جرمنی میں عدلیہ کے حوالے سے ترک حکومت کے الزامات کی سختی سے مسترد کرتی ہے۔”
ایک مقامی جرمن وکیل نے اس بات کی تردید کی ہے کہ صحافی گرفتار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی اس جوڑے پر "ذاتی ڈیٹا کی خطرناک ترسیل” کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ترکی کی وزارت خارجہ نے ان صحافیوں کو "ہراساں کرنے اور دھمکانے” کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ "آزادی صحافت کے خلاف کارروائی” ہے۔
ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مبینہ گرفتاریاں "جان بوجھ کر کی گئی کارروائی” تھی۔
صدر رجب طیب اردوآن کے میڈیا ڈائریکٹر فرحتین التون نے صحافیوں کی مبینہ گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے "صحافیوں کو خاموش کرنے کی جرمنی کی کوشش” قرار دیا اور "اس ملک میں پریس کی آزادی پر جبر” پر تشویش کا اظہار کیا۔
یہ تنازع ترکی میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ ایردوآن پہلے راونڈ میں گوکہ 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تاہم وہ اپوزیشن رہنما کمال کلیچدار اولو سے آگے رہے۔
اتوار کے روز اب ایک بار پھر دونوں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے۔
جرمنی میں مقیم ترک تارکین وطن بیرون ملک مقیم ترکوں کا تقریباً نصف ہیں، جنہوں نے انتخابات میں ووٹ دیا۔ ایردوآن کو جرمنی میں 65 فیصد ووٹ ملے۔
اخبارصباح کا تعلق ترکواز میڈیا گروپ سے ہے، جس کے ایردوآن کے خاندان سے تعلقات ہیں۔

Comments are closed.