کوٹہ میں عازمین حج کے قافلے پر شرپسندوں کا حملہ

بی جے پی کے معطل لیڈر ٹی راجہ کی اشتعال انگیزی کے ایک دن بعد جے پور جارہی بس پر پتھرائو، نعرے بازی، توڑ پھوڑ، کئی زخمی، ۶؍ حملہ آور گرفتار ، مسلمانوں میں غم وغصہ، تھانے کا گھیرائو اور احتجاج
جے پور ۔۲۵؍ مئی: راجستھان کے کوٹہ میں عازمین حج سے بھری بس میں کو جے پور جاتے وقت شرپسندوں نے گھیر لیا اور پتھر بازی کی جس میں کئی عازمین حج زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ المناک سانحہ حیدرآباد کے ممبر اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کی ایک دن قبل کوٹہ آنے کے بعد اور مسلم مخالف اشتعال انگیزی تقریر دینے کے بعد پیش آیا ہے۔ تفصیلی اطلاعات کے مطابق کوٹہ شہر کے کنہاڑی تھانہ علاقہ میں بوندی روڈ پر دیر رات درجن بھر شرپسندوں نے ہوائی اڈہ پہنچنے سے قبل ہی عازمین حج کی بس پر پتھرائو کردیا، بتایاجارہا ہے کہ بس پر ’حج یاترا‘ لکھا ہوا تھا، جسے دیکھتے ہی کچھ لوگوں نے نعرے بازی کی اور اشتعال میں آکر پتھرائو کردیا، اس کے بعد ملزمین فرار ہوگئے ۔شرپسندوں کے حملے میں کئی مسافر زخمی ہوگئے ہیں جنہیں ایمبولنس کے ذریعہ اسپتال داخل کرایاگیاہ ے، پولس نے کارروائی کرتے ہوئے ۶ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ عازمین حج کو چھوڑنے کےلیے بس جے پور کے لیے روانہ ہوئی تھی، جیسے ہی نجی ٹریویلس کی بس بوندی روڈ پر مونال ہوٹل کے قریب سے گزری اسی درمیان کوٹہ سے جودھ پور جارہی روڈ ویز بس بھی وہاں سے گزر رہی تھی، اسی دوران درجنوں شرپسندوں نے دونوں بسوں پر حملہ کردیا، بس میں توڑ پھوڑ کی جس سے مسافر سہم گئے، توڑ پھوڑ سے بس میں بیٹھے کچھ مسافر زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ غیر متوقع حملے سے حج پر جانے والے عازمین میں تشویش پھیل گئی، نجی بس میں حج کے لیے جانے والے مسافر اور ان کے رشتہ دار سوار تھے، شرپسندوں نے بس میں گھسنے کی بھی کوشش کی، روڈویز کے کنڈیکٹر کے ساتھ مارپیٹ بھی کی گئی جس سے علاقے میں ہڑکمپ ہے، لوگوں کی بھاری بھیڑ جمع ہوگئی، اطلاع ملتے ہی پولس کے اعلیٰ عہدےداران وہاں پہنچے اور حالات تو قابو میں کیا، پولس کے پہنچنے سے پہلے ہی شرپسند وہاں سے فرار ہوگئے تھے، پولس نے ۱۰۸ کی مدد سے سبھی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ۶ شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ وہیں عازمین حج کے قافلے پر حملے سے مقامی مسلمانوں نے غم وغصے کی لہر ہے۔ مسلمانوںنے کنہاڑی تھانہ پہنچ کر احتجاج کیا اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے تھانہ کے سامنے جمع ہوکر ’غنڈہ گردی بند کرو‘، پولس انتظامیہ رمردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
Comments are closed.