Baseerat Online News Portal

اہم ترین عہدے کےلئے مناسب ترین شخصیت کا انتخاب۔

 

مولانا محمد قیصر صاحب

 

ناظم مدرسہ بشارت العلوم کھرایاں پتھرا، دربھنگہ

 

حضرت مرشد الامت رحمۃ اللہ علیہ کی وفات حسرت آیات کے بعد مسلم پرسنل لاء بورڈ جیسی عظیم تنظیم کی صدارت کے لئے موزوں ترین شخصیت کا انتخاب ایک اہم مسئلہ تھا، متعدد اندیشے پاؤں پسار رہے تھے، پرسنل لاء کی صدارت کیلئے کسی ایسی شخصیت کا انتخاب ایک چلینج تھا جو ہندستانی مسلمانوں کے ہر طبقہ کو ساتھ لیکر چلنے کی اہلیت سے لبریز ہو، نیز ہر طبقہ کیلئے یکساں طور پر قابل قبول ہو، ملت کے ارباب حل و عقد کے حسن انتخاب کی تعریف کرنی ہوگی کہ انہوں نے بلا انتشار و افتراق، باتفاق رائے، حضرت قاضی مجاہد الاسلام صاحب قاسمی رحمہ اللہ کے علوم و حکمت کے امین، فقیہ العصر  حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا انتخاب کرکے اپنی دانش مندی کا ثبوت پیش کیا ہے، حضرت فقیہ العصر کی ذات ہر طبقہ کیلئے یکساں طور پر قابل قبول ہے، حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمہ اللہ کی وفات کے بعد حضرت فقیہ العصر نے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر رہتے ہوئے جس دانش مندی اور سنجیدگی و تحمل سے امت کی رہنمائی کی ہے وہ یہ امید جگانے کیلئے کافی ہے کہ عہدہ صدارت پر رہ کر آپ کی افادیت دو چند ہو جائیگی، آپ کی شخصیت جامع الکمالات ہے،آپ ایک طرف فقہ و فتاوی اور تفسیر، و حدیث کے رمز شناس ہیں، تو دوسری طرف آپ اسلامی فکر کے صحیح ترجمان،مسلمانان ہند کے تعلق سے اہل سیاست کی قلابازی، دین کے تئیں غیروں کی ترچھی نگاہ اور امت کے پیچیدہ مسائل سے نہ صرف خوب واقف ہیں، بلکہ دین کی روشنی میں ان کا مناسب حل بھی پیش کرتے ہیں،دست قدرت نے منصوبہ بندی کی صلاحیت، معاملہ فہمی ،خوش اسلوبی، سنجیدگی، اور تحمل و بردباری کے ساتھ جرات و بے باکی کی دولت سے بھی خوب نوازا ہے۔

حضرت فقیہ العصر کی گوناگوں خوبیوں کو دیکھتے ہوئے بلاتردد کہا جا سکتا ہے کہ ملت کے اس عظیم ترین ادارہ کی صدارت کیلئے مناسب ترین شخصیت کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔

اس مبارک موقع پر مدرسہ بشارت کھرایاں پتھرا کے ذمہ داران،اور اساتذہ کارکنان حضرت فقیہ العصر کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، نیز دعا گو ہیں کہ ملت کی رہنمائی کیلئے اللہ انہیں ثابت قدمی عطاء فرمائے

مولانا محمد قیصر صاحب

ناظم مدرسہ بشارت العلوم کھرایاں پتھرا، دربھنگہ

Comments are closed.