ایک مومنہ اورزاہدہ کی دنیا سے رخصتی
یعنی حضرت مولانا قاری نسیم احمد مظفرپوری کی اہلیہ محترمہ کا انتقال پرملال
مولانا محمد شاہد ناصری الحنفی
بانی و صدر ادارہ دعوۃ السنۃ ویلفیئر ٹرسٹ مہاراشٹرا
مدرسہ اسلامیہ جامع العلوم مظفرپور کے باوقار استاذ ونائب مہتمم حضرت مولانا قاری نسیم احمد صاحب رح کی اہلیہ محترمہ اور راشٹریہ جنتادل کے ایم ایل سی محترم قاری صہیب احمد صاحب کی والدہ محترمہ کا آج دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا، انا للہ وانا الیہ راجعون،
مرحومہ ایک عرصے سے صاحب فراش تھیں اور کئی ماہ سے دہلی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں،
جس طرح طبقئہ علماء میں حضرت مولانا قاری نسیم احمد صاحب علیہ الرحمتہ صاحب تقوی اورصاحب خشیت اورنہایت کریم النفس بلند اخلاق کے حامل بہت مخلص معلم ومربی تھے اسی طرح آپ کی اہلیہ محترمہ بھی نہایت عابدہ وزاہدہ اورمتقیہ تھیں ۔
سادات کا یہ خانوادہ اپنی عزت وشرافت اوردیانت اور اعمال خیر میں اخفائے حال کیلئے ممتاز رہا ہے ۔
حضرت قاری صاحب کووجس طرح قرآن مجید۔سے عشق تھا اوراعمال سنن کی پابندی تھی وہی حال مرحومہ کا تھا ۔
حضرت قاری صاحب رحمت اللہ علیہ ہماری والدہ ماجدہ دام ظلہا کے ماموں ہوتے تھے اس لئے ہم لوگوں کو نانا سے قلبی رشتہ اور بہت انس تھا ۔ مظفر پورشہر میں قیام کے دوران ہم لوگ حاضر ہوتے تونانی جان مرحومہ بغیر ضیافت کئے کھڑے کھڑے آنے جانے کو سخت ناپسند کرتیں اورناراضگی کا اظہارکرتیں ۔ وہ خاندان کے ہرفردوبشر کا تعارف رکھتیں اوران کا حال چال ضروردریافت کرتیں ۔ آج ان کے وصال پر بیک نظر نانا مرحوم حضرت قاری صاحب کا کھلتا مسکراتا چہرہ اور وقاروتمکنت سے بھرپور مجسم سراپا سامنے آگیا ۔ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ اب بھی وضو اورخوشبو کے اہتمام کے ساتھ مسند حفظ قرآن مجید پر جلوہ افروز ہیں اورطلبا ء سے قرآن مجید کی سماعت کررہے ہیں ۔ اسی طرح نانی مرحومہ کہ کمال سرعت کے ساتھ آنے جانے والوں کی ضیافت کا نظم کررہی ہیں اورمکمل توجہ محبت وتلطف کے ساتھ خیروعافیت اورتعلیمی احوال دریافت کرنے میں مشغول ہیں ۔
افسوس کہ مخلص حضرات وخواتیں خانوادوں سے بہت تیزی کے ساتھ راہی ملک بقاء ہورہے ہیں اور نئ نسل ان کی روایات اخلاق واخلاص اورمحبت وشفقت اورایثاروہمدردی اور خاندان سے اٹوٹ تعلق میں مسلسل کمزور نظر آرہے ہیں ۔
دعاہے کہ اللہ پاک نانی جان مرحومہ کی بال بال مغفرت فرمائے اوران کے درجات کے بلند فرماکر مراتب عالیہ سے سرفراز فرمائے آمین
ماموں جان حضرت حافظ قاری صہیب احمد صاحب اوردیگر حضرات خال واعزہ کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعاکرتاہوں ۔
احباب سے ایصال ثواب کی گزارش ہے ۔
شریک غم
محمدشاہد الناصری الحنفی
خادم ۔ ادارہ دعوت السنتہ ویلفیرٹرسٹ کاندیولی ممبئ
Comments are closed.