یوم عاشورہ :محرم جلوس میں شامل شرپسندوں کی پٹائی سے زخمی راج مستری کی موت، مبینہ پٹائی کا ویڈیو وائرل

لاپرواہی سامنے آنے پر تھانہ انچارج معطل،راجو پنچایت کے پنچ ممبر کے شوہر ٹھگن انصاری کی موت کے بعد گاؤں میں پولیس کی نقل و حرکت تیز
جالے(محمدرفیع ساگر؍بی این ایس)سنگھواڑہ تھانہ علاقہ کے راجو گاؤں میں دسویں محرم کے جلوس میں شامل گاؤں والوں کے مبینہ جان لیوا حملہ میں شدید طور پر زخمی پنچ رکن شکیلہ خاتون کے شوہر راج مستری ٹھگن انصاری (59) کی پی ایم سی ایچ میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔ان پر بھیڑ میں شامل شرپسندوں نے لاٹھی ،ڈنڈے اور تلواروں سے حملہ کیا تھا جس کا سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی وائرل بتایا گیا ہے۔وہیں اس معاملے میں لاپروائی سامنے آنے پر ایس ایس پی اوکاش کمار نے سنگھواڑہ تھانہ انچارج منیش کمار کو فوری اثر سے معطل کردیا ہے۔ایس ایس پی نے ان کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مارپیٹ کا واقعہ سامنے آنے کے بعد بھی انہیں صورتحال سے واقف نہیں کرایا گیا۔پیر کو انہیں زخمی شخص کی موت کی اطلاع ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویڈیو فوٹیج کی جانچ کرائی جارہی ہے ۔جو بھی قصوروار ہیں ان پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ایس ایس پی اوکاش کمار نے بتایا کہ قتل کیوں اور کس مقصد سے کیا گیا ہے پوری گہرائی سے جانچ کی جارہی ہے۔فی الحال گاوں میں پولیس کی نقل و حرکت تیز کردی گئی ہے۔
مقتول کے اکلوتے بیٹے تبارک انصاری کے بیان پر واقعے میں ملوث درجنوں افراد کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔
ایسا بتایا جارہا ہے کہ محرم کے جلوس میں شامل افراد نے پرانی دشمنی میں لاٹھی، ڈنڈے اور تلواروں سے وار کر کے جان لیوا حملہ کیا ۔جائے وقوع کا ویڈیو فوٹیج دیکھنے سے واضح ہورہا ہے کہ محرم کے جلوس کی واپسی کے دوران متوفی ٹھگن انصاری کو اس کے گھر کے قریب گھیر لیا گیا اور اسے قتل کرنے کی نیت سے مسلسل حملہ کیا گیا۔جس کے بعد ٹھگن انصاری کوزخمی حالت میں ڈی ایم سی ایچ سے پی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا جہاں رات 10 بجے علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔
متوفی کی پیشانی، آنکھوں اور جسم پر شدید زخم کے نشانات پائے گئے ہیں۔
راج مستری کی موت کی اطلاع ملتے ہی راجو گاؤں میں کہرام مچ گیا۔مکھیا رخسانہ خاتون، یوتھ جے ڈی یو جنرل سکریٹری شاہنواز بابر، پیکس کے سابق صدر متھلیش یادو، ایم آئی ایم لیڈر یاسر عرفات جے کے پنچ ممبر کے گھر پہنچ کر ان کے شوہر کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے تسلی دی اور واقعہ کو افسوسناک قرار دیا۔

Comments are closed.