میوات:نوح میں فرقہ وارانہ تشدد،پتھراؤ،آگ زنی،فائرنگ کے واقعات،انٹرنیٹ بند،ماحول خراب کرنے میں مونو مانیسر کا نام آیا

نوح(ایجنسی) ہریانہ کے میوات ضلع کے نوح میں، وشو ہندو پریشد اور ماتوشکتی درگا واہنی کی طرف سے نکالی جا رہی برجمنڈل یاترا کے دوران پیر کو ہنگامہ ہوا۔ دونوں گروپوں کے درمیان تصادم کے بعد پتھراؤ اور آتش زنی کی خبریں ہیں۔ شرپسندوں نے کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔ پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تشدد میں اب تک 20 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ بعض مقامات پر لوگوں کی طرف سے فائرنگ کی بھی خبریں ہیں۔ اس کی وجہ سے گروگرام سے سوہنا تک سڑک بند کردی گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی NDTVکی رپورٹ کے مطابق شوبھا یاترا میں حصہ لینے آئے تقریباً 2500 لوگ ہنگامہ آرائی کے بعد نالہار مندر میں پھنس گئے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔
انٹرنیٹ بند اور دفعہ 144 نافذ
نوح ضلعی انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے دیگر اضلاع سے پولیس فورس کو طلب کر لیا ہے۔ ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پورے ضلع میں دفعہ 144 نافذ کرکے انٹرنیٹ بھی بند کردیا گیا۔ ضلع کی حدود سیل کر دی گئیں۔
ترنگا پارک کے قریب ہنگامہ
رپورٹ کے مطابق پیر کے روز برج منڈل یاترا نوح کے نہلاد شیو مندر سے فیروز پور-جھرکہ کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ جیسے ہی یاترا ترنگا پارک کے قریب پہنچی، وہاں لوگوں کا ایک گروپ پہلے سے جمع ہو چکا تھا۔ جیسے ہی وہ آمنے سامنے آئے فریقین میں جھگڑا ہوگیا۔ کچھ ہی دیر میں پتھراؤ شروع ہو گیا۔ کچھ گاڑیوں میں آگ لگنے کی بھی خبر ہے۔ پولس جلوس میں ہونے والی صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہی ہے، ان لوگوں پر ہنگامہ آرائی کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوح کے مونو مانیسر اور بجرنگ دل سے وابستہ اس کے ساتھیوں پر کئی لوگوں کے قتل کا الزام ہے۔ انہوں نے کچھ دن پہلے ویڈیو وائرل کیا تھا اور کھلا چیلنج کیا تھا کہ وہ یاترا کے دوران میوات میں ہی رہیں گے۔ علاقے کا ماحول پہلے ہی گرم تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جلوس کے دوران کچھ بھیڑ نے مونو مانیسر اور ان کے ساتھیوں کو دیکھا۔ اس کے بعد نوح شہر کے قریب گروگرام-الور قومی شاہراہ پر زبردست ہنگامہ ہوا۔
ہنگامہ آرائی کے دوران فائرنگ سے لے کر آتش زنی تک کے واقعات رونما ہوئے۔ کئی سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ ہجوم نے کچھ نجی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ پولیس نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی۔ حالات کشیدہ ہیں اور کئی مقامات سے چھٹپٹ واقعات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ تنازعہ بڑھنے کے بعد پورے نوح شہر کا بازار بند کر دیا گیا ہے۔ سب سے پہلے ترنگا پارک کے اطراف کے علاقے کی دکانیں بند کرائی گئیں۔ جس کے بعد نوح شہر کے مرکزی بازار کے علاوہ نیا بازار، گلی بازار اور ہوڈل بائی پاس سمیت شہر کی دیگر مارکیٹیں بھی دکانداروں نے بند کر دیں۔ کشیدگی کے پیش نظر لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

Comments are closed.