ملکارجن کھرگے کے جسم کی رنگت کے تعلق سے بی جے پی لیڈر اراگاگنانیندرا کے نازیبا ریمارکس پر کانگریس کو قانونی کارروائی کرنی چاہئے:عبدالمجید ایس ڈی پی آئی
بنگلور۔ (پریس ریلیز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے ریاستی صدر عبدالمجید نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ بی جے پی لیڈر اراگا گنانیندرا کے نازیبا ریمارکس پر کانگریس کو قانونی کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہئے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کا نظریہ خود ان خیالات کی بنیاد پر قائم ہے جو امتیازی سلوک اور عدم مساوات کو فروغ دیتا ہے۔ اس لیے وہ دوسروں کو ان کے ذات، جلد کی رنگت اور کھانے کی عادات کے بارے میں برائی کرتے رہتے ہیں۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالمجید نے ملکارجن کھرگے پر اس طرح کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر سابق وزیر اراگا گیانیندر کے خلاف ایس سی، ایس ٹی مظالم ایکٹ کے تحت کارروائی کرے۔ایس ڈی پی آئی لیڈر عبدالمجید نے الزام لگایا کہ اراگا کا بیان صرف ملکارجن کھرگے یا وزیر جنگلات ایشور کھنڈرے یا شمالی کرناٹک کے لوگوں کی جسمانی ساخت اور وہاں کے ماحول کے بارے میں تھا بلکہ اس ملک کے مول نواسی لوگوں کے رنگت کے بارے میں تھا۔ ریاست کے عوام بی جے پی کے اس طرز عمل سے تنگ آچکے ہیں لیکن اسمبلی انتخابات میں انہیں سبق سکھانے کے باوجود وہ ہوش میں نہیں آئے ہیں۔ عبدالمجید نے مطالبہ کیا کہ کانگریس کو ایسے بیان پر محض افسوس ظاہرکرنے یا معافی مانگنے پر مطمئن نہیں ہونا چاہئے بلکہ اراگا گیانیندرا کے خلاف قانونی کارروائی کرنی چاہئے۔
Comments are closed.