اکھلیش یادو کی ہدایت پرضلع سہارنپور میں پنچایتوں کا انعقاد
موجودہ حکومت ترقیات کے نام پر عوام کو گمراہ کررہی ہے : چودھری عبدالواحد
دیوبند،10؍ اگست(سمیر چودھری؍بی این ایس)
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اترپردیش اکھلیش یادو کی ہدایت پر ضلع سہارنپور کی سبھی اسمبلی حلقوں میں پنچایتوں کا انعقاد کرکے پارٹی عہدیداران نے عوام کے سامنے سماج وادی پارٹی کی جانب سے کرائے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیل پیش کرتے ہوئے عوام کے مسائل سنے اور انہیں تحریری طو رپر جمع کیا۔ تفصیل کے مطابق سماج وادی پارٹی کے رہنما اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی ہدایت پر ضلع سہارنپور کے سبھی اسمبلی حلقوں میں پنچایتوں کا انعقاد کیا گیا ۔ گائوں گھاٹیڑھا میں سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر چودھری عبدالواحد نے پنچایت سے خطاب کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی حکومت کی جانب سے کرائے گئے ترقیاتی کامو ںکی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت ترقیات کے نام پر عوام کے ساتھ دھوکہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ڈبل انجن کی سرکار پوری طرح ناکام ہوچکی ہے ، آج مہنگائی ، بدعنوانی بگڑتی قانون نظم ونسق کی صورت حال کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے دور اقتدار میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں ، گزشتہ سات سال کی بی جے پی حکومت میں نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے پارلیمانی انتخاب میں بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔ سہارنپور اسمبلی حلقہ میں وجے ٹاکیز کے نزدیک کیمپ دفتر پر ریاست کے سابق وزیر اور سابق اسمبلی رکن سنجے گرگ نے پنچایت کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے سماج وادی پارٹی حکومت کے ترقیاتی کاموں اور عوام کے مفاد میں چلائی گئی اسکیموں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سابقہ سماج وادی پارٹی حکومت کے پروجیکٹ کو بی جے پی حکومت پورا کرکے انہیں اپنی کارنامہ بتارہی ہے۔ جب کہ سچائی یہ ہے کہ بی جے پی حکومت صرف ہوائی اعلانات کے ذریعہ سے مذہب اور ذات کے نام پر عوام کو ورغلارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی اس پالیسی کو عوام نے اس وقت مسترد کردیا ہے اور وہ موجودہ مرکزی حکومت سے چھٹکارہ پانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے دورِ اقتدار میں جتنے ترقیاتی کام ریاست میں کئے گئے ہیں ، اب تک نہیں ہوئے ہیں۔ سابق ریاستی وزیر سرفراز خان، سابق اسمبلی رکن منوج چودھری، ریاستی سکریٹری رودر سین ، گنگوہ اسمبلی حلقہ کے انچارج چودھری اندر سین ، کارتکیہ رانا، ونود تیجیان، ممتا چودھری، سابق سہارنپور شہر صدر فیصل سلمانی نے بھی پنچایت کا انعقاد کرکے سابقہ سماج وادی پارٹی حکومت کی ترقیاتی کامو ںکو تفصیل سے عوام کے سامنے رکھا اور عوام کے مسائل سن کر ان کو تحریری طور پر جمع کیا ، جنہیں 30اگست کو ضلع ہیڈ کوارٹر پہنچ کر ضلع مجسٹریٹ کو میمورنڈم سونپا جائے گا۔ اس موقع پر سہارنپور شہر صدر اعظم شاہ، سابق بلاک پرمکھ صاحب سنگھ، سدیش گوجر، کلیان سنگھ، جملہ سنگھ، آفتاب، بٹو نمبردار، انجینئر وجے شرما، مستقیم رانا، ٹنکو اروڑہ، محفوظ انصاری، شاہ نواز وغیرہ موجود رہے۔
Comments are closed.