دربھنگہ میں بین ضلع اے ٹی ایم فراڈ گینگ کے 2 بدمعاش گرفتار

دیسی ساختہ کٹا، ایک کارتوس، مختلف بینکوں کے 74 اے ٹی ایم کارڈ، ایک پی او ایس مشین، 2 لاکھ 13 ہزار 4 سو روپے نقدی سمیت 2 موبائل برآمد
جالے( محمد رفیع ساگر /بی این ایس)اے ٹی ایم کارڈ بدل کر اکاؤنٹ سے رقم نکالنے کے معاملات میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔
پولیس نے لہریاسرائے تھانہ علاقہ کے رحم گنج میں واقع ایس بی آئی اے ٹی ایم کے قریب سے ہفتہ کے روز مظفر پور ضلع کے 2 موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں کو گرفتار کر کے مختلف اے ٹی ایم سے صارفین کو دھوکہ دینے والے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔دونوں بین ضلع اے ٹی ایم فراڈ گینگ کے سرگرم شاطر بتائے گئے ہیں۔
گرفتار ہونے والوں میں مظفر پور ضلع کے مینا پور تھانہ علاقے کے تحت گاؤں مدھوبن کاشی کے رہنے والے پپو کمار سہنی اور اورائی تھانہ علاقے کے آدتیہ کمار عرف گولو شامل ہیں۔
تلاشی کے دوران دونوں کے قبضے سے دیسی ساختہ کٹا، ایک کارتوس، مختلف بینکوں کے 74 اے ٹی ایم کارڈ، ایک پی او ایس مشین، دو لاکھ 13 ہزار چار سو روپے نقدی سمیت دو موبائل برآمد ہوئے ہیں۔
پوچھ گچھ میں دونوں نے بہت سی معلومات دی ہیں۔ اس بنیاد پر پولیس پورے نیٹ ورک میں شامل بدمعاشوں کو گرفتار کرنے کی کارروائی تیز کردی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اوکاش کمار نے بتایا کہ ہفتہ کو دونوں رحم گنج میں واقع ایس بی آئی اے ٹی ایم کے پاس کھڑے تھے تاکہ معصوم صارفین سے پیسے اور اصلی اے ٹی ایم کارڈ چھین سکیں۔
تاہم ٹیکنیکل سیل کی ٹیم کو بروقت اس کی اطلاع مل گئی۔ اس کے بعد سٹی ایس پی ساگر کمار، صدر ایس ڈی پی او امت کمار، تھانہ صدر کمار کیرتی سمیت کئی پولس افسران نے ٹیکنیکل سیل ٹیم کی مدد سے محاصرہ کیا اور چھاپہ ماری کی۔
اس دوران ہونڈا ایس پی سائن موٹر سائیکل پر سوار دونوں شاطر بدمعاش پکڑے گئے۔دونوں سے پوچھ گچھ میں کئی معلومات ملی ہیں، اس بنیاد پر مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مظفر پور سمیت قریبی اضلاع کی پولیس سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ دونوں کے مجرمانہ واقعات کا پتہ چل سکے۔
بتایا جاتا ہے کہ گینگ کے ارکان خاص طور پر ایسے اے ٹی ایم کے صارفین کو نشانہ بناتے ہیں، جہاں گارڈ کی سہولت نہیں ہوتی، جہاں مشین میں کارڈ ڈالنے کے پوائنٹ سے چھیڑ چھاڑ کرنا آسان ہوتا ہے پہلے چیونگم یا دوسری چیز ڈال کر باہر نکل جاتے ہیں
اور جب پیسے نکالنے والے صارفین مشکل میں ہوتے ہیں، تو وہ پیچھے سے اندر جا کر مدد کرتے ہیں۔ دریں اثنا، اے ٹی ایم PIN دیکھتے ہیں اور بہت تیزی سے کارڈ تبدیل کرتے ہیں۔ بعد میں پی او ایس مشین کی مدد سے رقم نکال لیتے ہیں۔

Comments are closed.