ترکی : موسلا دھار بارش سے دو افراد ہلاک،چارلاپتہ

بصیرت نیوزڈیسک
ترکی میں شدید بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے اب تک دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں زبردست بارش سے تقریباً پورے شہر کی گلیوں میں پانی بھر گیا ہے۔
ترکی میں حکام نے بتایا کہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ چار دیگر لاپتہ ہیں۔ ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں حالات کافی خراب ہوئے جہاں کئی علاقوں کی گلیوں اور گھروں میں بھی پانی بھر گیا۔
ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا کہ بلغاریہ کی سرحد کے قریب شمال مغربی صوبہ کرکلریلی میں ایک کیمپ کے پاس سے سیلابی ریلا بہنے کے بعد امدادی ٹیموں نے دو لاشیں برآمد کیں جبکہ چار دیگر لاپتہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب بارش کا سیلابی ریلا یہاں پہنچا تو اس وقت تقریباً 12 افراد اپنی تعطیلات کے لیے اس مقام پر موجود تھے۔
ترکی کی انادولو خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیر کے روز بھی جنوب مغربی ترکی میں شدید بارشیں ہوئی تھیں اور اس دوران آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے مختلف 36 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے تھے۔
Comments are closed.