انجمن فروغ سنت کے زیر اہتمام ہونے والے اجلاس سیرت صحابہؓ امسال 02،03دسمبرکو، تیاریاں شروع

قاضی شہر کانپور حافظ و قاری معمور احمد جامعی کی زیر صدارت منعقد ہ میٹنگ میں اتفاق رائے سے فیصلہ
کانپور(پریس ریلیز) سابق قاضی شہر کانپور مولانا مفتی منظور احمد مظاہری نوراللہ مرقدہ کی قائم کردہ تنظیم ”انجمن فروغ سنت“ کی سالانہ میٹنگ بعدنماز عشاء پیلی مسجد توپخانہ بازار میں انجمن کے صدر قاضی شہر کانپور حافظ و قاری معمور احمد جامعی کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ جنرل سکریٹری مفتی اقبال احمد قاسمی نے میٹنگ میں موجود تمام ذمہ داران و عہدیداران کے سامنے انجمن کی آمد و خر چ کے بارے میں تفصیل سے بتایا، جس پر تمام اراکین نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انجمن فروغ سنت کا قیام سن ”1975“ میں عمل میں آیاتھا۔ حضرت مولانامفتی منظور احمدصاحبؒ اس کے پہلے صدر ہوئے۔قاضی شہر نے انجمن فروغ سنت کے زیر اہتمام کئے جانے والے کاموں پر مختصر اً روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں جبکہ ہماری نئی نسل جوسنت و شریعت سے ناواقف ہو تی چلی جا رہی ہے، جس کی بنیاد پروہ گھناؤنی مغربی تہذیب سے متاثر ہوکر اپنانے کے دور ان اپنی بہترین دینی،اسلامی تہذیب اور شناخت کو روز بروز کھوتی جا رہی ہے، ایسے وقت میں آپ کی یہ انجمن جس کا نام ہی ’فروغ سنت‘ ہے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیتے ہوئے لوگوں کے دلوں میں اللہ،نبیؐ،صحابہؓ، بزرگان دین، اولیاء اللہ اور اکابر علمائے کرام کے ذریعہ قرآن و حدیث کی روشنی میں ہم تک پہنچی سنت نبویؐ اور اسلامی تہذیب و ثقافت سے محبت اور عظمت پیدا کرنے کاکام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اور آپ سنتوں پر عمل کرنے والے بن جائیں تو اللہ ہماری زندگی انتہائی پاکیزہ، صاف ستھری اور پرسکون بنا دیں گے، ہمیں دنیا میں کسی سے متاثر ہونے کی ضرورت ہی نہیں کیونکہ اللہ نے اپنے محبوب پیغمبر حضرت محمدﷺ کے ذریعہ زندگی گزارنے کا جو بہترین نمونہ ہمیں دیا، رہتی دنیا تک اس کی نظیر نہیں مل سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ انجمن فروغ سنت کے زیر اہتمام گزشتہ 45برسوں سے ہر سال رجبی گراؤنڈ پریڈ پر دوروزہ ”اجلاس سیرت صحابہ‘ؓ‘ منعقد کیا جاتا تھا۔مولانا وصی الدینؒ، مولانا ظفر الدینؒ، مولانا عبد القیوم مظاہریؒ، مولانا مبین الحق ؒ، مولانا انوار احمد جامعیؒ، مولانا متین الحق اسامہ قاسمیؒ، مولانا محمد وکیل قاسمیؒ، حاجی فخر الدین عطاریؒسمیت شہر کے دیگر بڑے اکابرعلمائے کرام نے اس پروگرام میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ اپنی حیات میں ہر طرح سے اس کو مستحکم کرنے میں اپنی خدمات دیں۔آج بھی شہر کے بڑے علمائے کرام کی سرپرستی ان اجلاس کو حاصل ہے۔ امسال بھی یہ اجلاس 17،18جمادی الاولیٰ1445ھ مطابق 02،03دسمبر 2023 بروزسنیچر،اتواررجبی گراؤنڈ پریڈمیں اپنی سابقہ روایات کے مطابق منعقد ہوں گے۔ جس پر میٹنگ میں موجود تمام اراکین نے اتفاق رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرات صحابہ کرامؓ کی نسبت سے ہونے والے ان اجلاس کی تیاریاں شروع کی جا رہی ہیں۔ جن اراکین کو بھی جو بھی ذمہ داری سپرد کی جائیں وہ اپنے ذمہ داریوں کو بروقت پورا کرنے کی کوشش کریں اور تمام طرح کے انتظامی امور میں اپنا بھرپور تعاون دیں۔مولانا منصور احمد قاسمی کنوینر اور محمد عمر کو نائب کنوینر و خزانچی منتخب کئے گئے۔
اس سے قبل میٹنگ کا آغاز قاری محمد غزالی خاں نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ مفتی اقبال احمد قاسمی کی دعاء پر میٹنگ کا اختتام ہوا۔ میٹنگ میں قاضی شہر حافظ وقاری معمور احمد جامعی کے ساتھ انجمن کے جنرل سکریٹری مفتی اقبال احمد قاسمی، سکریٹری مفتی عبد الرشید قاسمی، جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی، مولانا منصوراحمد قاسمی، مولانا محمد انیس خاں قاسمی، مولانا محمد انعام اللہ قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مولانا انصار احمد جامعی، مولانا سمیع اللہ قاسمی،مولانا سہیل اختر قاسمی،مولانا امیر حمزہ قاسمی، حافظ ابرار احمد جامعی، محمد عمر، حاجی محمد شعیب بیگ،سلیم انصاری، محمداکرم، اعجاز احمدکے علاوہ دیگر اراکین و معززین موجود رہے۔

Comments are closed.