یارا انٹرنیشنل اسکول کے مشاعرہ میں الیاسمین انٹرنیشنل اسکول کے طلباء اور اساتذہ کی شرکت

یارا انٹرنیشنل اسکول نے 28 /اکتوبر کو "کاروان سخن "کے عنوان سے سی بی ایس ای بورڈ سے منسلک ریاض کے اسکول کے طلباء اور اساتذہ کا ایک شاندار مشاعرہ منعقد کیا، جس میں الیاسمین انٹرنیشنل اسکول کے طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی- تمثیلی مشاعرے میں الیاسمین اسکول کے طالب علم صدیق علی خان نے ڈاکٹر کلیم عاجز اور زائنہ ضمیر خان نے پروین شاکر کا کلام سنا کر خوب داد وصول کی- اساتذہ کرام کے مشاعرہ میں الیاسمین اسکول کے اردو معلم منصور قاسمی کو صدارت کی ذمہ داری سونپی گئی- انہوں نے اپنی شاعری سے محفل میں رنگ بھر دیا- وہیں اپنے صدارتی خطبہ میں کہا ” یارا انٹرنیشنل اسکول اور پرنسپل عاصمہ سلیم کا یہ اقدام قابل تعریف ہے اس سے بچوں کو حوصلہ ملے گا -امید ہے آئندہ دوسرے اسکول کے ذمہ داران بھی اس طرح کے ادبی پروگرام منعقد کریں گے-” اس مشاعرے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے معروف شاعرہ اسنی بدر جبکہ مہمان اعزازی کی حیثیت سے الیاسمین انٹرنیشنل اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر ایس ایم شوکت پرویز اور ڈی پی ایس اسکول کے پرنسپل معراج علی خان نے شرکت کی
– ڈاکٹر شوکت پرویز نے کہا” مشاعرہ کے انعقاد کرنے پر یارا اسکول کی پرنسپل عاصمہ سلیم اور ان کے رفقاء کار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید ظاہر کرتا ہوں کہ "کاروان سخن” کی تقلید ہوگی اور یہ ادبی کارواں اردو کا معروف پروگرام ” ریختہ ” کی طرح مقبولیت حاصل کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شعراء قوم کی امانت ہیں ان کی قدر و منزلت اور حوصلہ افزائی ہماری ذمہ داری ہے -” معراج علی خان نے کہا ” جب اردو کا لیبل مسلمانوں پر چسپاں کردیا گیا ہے تو ہماری ذمہ داری بنتی ہے ہم اس امانت کو سنبھالیں ، اپنے گھروں میں بچوں کے ساتھ ضرور اردو میں گفتگو کریں ۔ ”
مہمان خصوصی اسنی بدر اور یارا اسکول کے منیجر خالد الدریس نے شمع روشن کر کے مشاعرہ کا آغاز کیا ۔
اس مشاعرے میں الیاسمین انٹرنیشنل اسکول کے ہیڈ ماسٹر( بوائز سیکشن ) تنویر صدیقی، ڈاکٹر سعادت امین، سیدہ فاطمہ سعدیہ ، سویرا جاوید ، نکہت انجم ، پریتی ترپاٹھی کے علاوہ مختلف شعبے سے منسلک سامعین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments are closed.