مانو سے بھی این آئی او ایس کے طرز پر مدارس کے اساتذہ کا ڈی ایل ایڈ کرایا جائے:ریاض سلفی

جالے(محمد رفیع ساگر /بی این ایس) ان دنوں یو این ایف پی اے ’مانو ‘حکومت بہار اور مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے مشترکہ تعاون سے تعلیم نوبالغان کے زیر اہتمام ضلع بھر کے مختلف مدرسہ ریسورس سنٹر پر صدرالمدرسین کی تین روزہ گلہائے دانائی ٹریننگ چل رہی ہے۔ جو ملحقہ مدارس اساتذہ کے صدرالمدرسین کے لئے درس و تدریس میں بہتری لانے کیلئے بہتر ثابت ہوگی۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں جہاں مختلف ٹرینر ٬فسلیٹیٹر مبارکباد کے مستحق ہیں وہیں مانو ٹیچرس ٹریننگ کالج دربھنگہ کے پرنسپل پروفیسر فیض احمد اور سینئر استاد پروفیسر افروز عالم خاص طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی راتوں دن کی محنت سے یہ پروگرام اپنی منزل کو طئے کر رہا ہے ۔پچھلے 12 نومبر سے اس پروگرام کا باضابطہ آغاز جالے بلاک حلقہ کے گرڑی گاوں میں واقع مدرسہ رحمانیہ سے شروع ہوا جو ضلع بھر کے دیگر مدرسہ ریسور سنٹر پر چلے گا۔مدرسہ رحمانیہ گرڑی میں کل 37 صدرالمدرسین کی شرکت ہوئی جہاں تمام صدرالمدرسین نے ٹریننگ کے دوران اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔وہیں اس ٹریننگ میں مدرسہ دارالسلام دیورابندھولی کے صدر مدرس مولانا ریاض حسین سلفی نے تعلیم نوبالغان کے ذمہ داران کے کاموں کو سراہتے ہوئے ٹریننگ کے روح رواں پروفیسر فیض احمد کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ صوبہ بہار کے تمام امداد یافتہ اور غیر امداد یافتہ مدارس اساتذہ کو این آئی او ایس کے طرز پر مانو بھی ڈی ایل ایڈ کرائے تاکہ مدارس کے اساتذہ بھی ٹیچرس اہلیتی ٹیسٹ امتحان میں شریک ہو کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکے۔ جس طرح حکومت بہار کی ہدایت پر اسکول کے تمام اساتذہ نے این آئی او ایس سے کم خرچ میں ڈی ایل ایڈ کر کے سی ٹیٹ کے امتحان میں شریک ہو رہے ہیں اور اپنا مستقبل روشن کر رہے ہیں اسی طرح سے مدارس اساتذہ کو بھی اس لائق سمجھا جائے کہ اس کا بھی مستقبل بہتر ہو سکے ۔لیکن مدارس اساتذہ اس سے محروم ہو رہے ہیں جوکہ قابل افسوس ہے ۔جس پر مولانا آزاد ٹیچرس ٹریننگ کالج دربھنگہ کے پرنسپل پروفیسر فیض احمد نے کہا کہ آپ کے مطالبات جائز ہیں اور میں بذات خود مدرسہ بورڈ کے چیئرمین سلیم پرویز اور سکریٹری سعید انصاری سے بالمشافہ ملاقات کرکے ان کے سامنے باتیں رکھوں گا اور آئندہ جو لائحہ عمل تیار ہوگا اس سے تمام اساتذہ کے سامنے پیش کرونگا جس پر موجود تمام صدرالمدرسین نے خوشی کا اظہار کرکے نیک خواہشات سے ان کو نوازا۔
Comments are closed.