موجودہ حکومت سے ہرطبقہ عاجزو پریشان:تنظیم صدیقی

’دلت گورو سنواد‘ پروگرام میں کانگریس نے دلتوں سے بھروائے مطالباتی فارم
دیوبند،15؍ نومبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
دیوبند کے قریبی گائوں بھائیلہ خورد اور بھائیلہ کلاں میں آل انڈیا کانگریس پارٹی کی ہدایات کے مطابق اتر پردیش کانگریس کمیٹی کی اپیل پر منعقدہ دلت گورو سنواد پروگرام چوپال کے دوران دلت لوگوں سے مطالباتی فارم بھروائے گئے۔ دلت لوگوں سے مذکورہ فارم بھروانے کے بعد کانگریس پارٹی کے شہر صدر تنظیم صدیقی نے متعلقہ چوپال سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی و صوبائی حکومتیں نوجوانوں کو وزگار مہیا کرانے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان اپنی ڈگریاں لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں یا نوکری ملنے کی امیدیں چھوڑ کر اپنے گھروں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ تنظیم صدیقی نے کہا کہ بی جے پی نے جھوٹ بول کر عوام کے ووٹ حاصل کئے کیونکہ مرکزی یا صوبائی حکومت نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے وہیں دوسری جانب مہنگائی اپنے عروج پر ہے، کسان اور مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت سے اس قدر عاجز آچکے ہیں کہ پارلیمانی الیکشن 2024میں ان کا زوال یقینی ہے۔ کانگریس پارٹی کے دیوبند بلاک صدر اجے تیاگی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ آنے والے پارلیمانی الیکشن کے بعد مرکز میں کانگریس کا بر سر اقتدار آنا طے ہے۔ اسی کے بعد بے روز گار نوجوانوں کو ملازتیں ملیں گی اور ہر طبقہ آسودہ حال ہوگا، مرکز میں نئی حکومت آنے کے بعد ہی مہنگائی پر بھی کنٹرول کیا جائے گا۔ مذکورہ پروگرام کے دوران سیکڑوں دلتوں نے مطالباتی فارم بھرتے وقت اپنے مسائل درج کئے۔ اس دلت گورو سنواد پروگرام چوپال میں کانگریس پارٹی کے شہر صدر تنظیم صدیقی، بلاک صدر اجے تیاگی، اجے رانا، نیائے پنچایت صدر مدن پال، اوم ناتھ کشیپ، رمیش سینی، راشد خان، امرائو سنگھ اور کانگریس پارٹی کے سیکڑوں کارکنان شریک رہے۔

Comments are closed.