تعلیمی نظام کو منظم اور بہتر بنانے کے لئے مکاتب کاقیام ضروری
مدرسہ اشرف المدارس میں منعقد سالانہ جلسہ میںمولانا سلمان بجنوری نقشبندی کا خطاب
دیوبند،19؍ نومبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
مدرسہ اشرف المدارس میں سالانہ انعامی جلسہ دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ پروگرام کا آغاز محمد قاسم کی تلاوت اور محمد ابرار کی نعت پاک سے ہوا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری نقشبندی نے اپنے خطاب میں تعلیم قرآن کی اہمیت اور مدارس کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سماج میں برائیوں کا خاتمہ اور اسلامی و دینی ماحول کو قائم کرنے کے لئے مدارس ومکاتب ہماری بنیادی ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مدارس ومکاتب کے ذریعہ ہی ہمارے بچے دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی علوم سے بھی روشناس ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مدرسہ اشرف المدارس نے اپنے نصاب میں عصری علوم کو شامل کررکھا ہے ، یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دیگر مکاتب ومدارس کے ذمہ داران کو چاہئے کہ وہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کا بھی نظم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کو منظم اور بہتر بنانے کے لئے مکاتب ومدارس کا قیام نہایت اہم اور ضروری ہے۔ مدرسہ کے ناظم قاری محمد وامق نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کے طلبہ کے لئے امسال فارسی کا شعبہ بھی شروع کیا گیا ہے جس میں طلبہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری علوم (دسویں تک)حاصل کررہے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ اس سال تمام درجات میں اول ، دوم ،سوم پوزیشن لانے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال 21طلبہ نے حفظ کلام اللہ مکمل کیا ، ان کی دستار بندی بھی عمل میں آئی ہے۔ پروگرام میں مفتی ذوالفقار ،مولانا شاہ عالم گورکھپوری، قاری آفتاب عالم نے بھی قرآن کی اہمیت ، مدارس کی ضرورت اور دینی ماحول قائم کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قاری محمد شارق ، حافظ نجم احمد صدیقی، منصر عظیم عثمانی، قاری ولی عثمانی، قاری ظفر احمد، قاری عبدالماجد کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔
Comments are closed.