سعودی عرب میں نوکری دلانے کے نام پر لاکھوں کی ٹھگی
دیوبند،19؍ نومبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
سعودی عرب میں ملازمت دلانے کے نام پر تین افراد نے 8.23 ؍لاکھ روپے کی ٹھگی کرنے کا معاملہ سامنے آیاہے، اس کے علاوہ ان نوجوانوں سے ٹھگی کی گئی جنہیں سعودی عرب نوکری کے لئے بھیجا تھا۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے شخص کے بیٹے نے سہارنپور کے جنک پوری پولیس اسٹیشن میں تین افراد کے خلاف رپورٹ درج کرائی ہے۔ ملزم دیوریا اور نوی ممبئی کے رہنے والے ہیں۔جنک پوری تھانہ علاقہ کے جمال پور گاؤں کے رہنے والے انکش کمار نے بتایا کہ اس کے والد پرتھوی سنگھ سعودی عرب کے ریاض میں کام کرتے ہیں۔ گاؤں ارجن ڈوگری تھانہ ہاٹا دیوریا کے رہنے والے ستیش یادو بھی وہاں کام کرتے ہیں۔ الزام ہے کہ ستیش یادو نے انکش کے والد پرتھوی سے کہا کہ وہ اپنے کچھ لوگوں کو سعودی بلا سکتے ہیں۔ اسے پاسپورٹ اور ویزا مل جائے گا۔ اس کے لیے فی نوجوان ایک لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے۔اس کے بعد انکش نے شاہ ویز ساکن احمد نگر کوکرا، اجمل ساکن دبھیڑی بڈھانہ، شہزاد ساکن گوکل ہیڑی تھانہ بھوپا مظفر نگر، آصف ساکن کوکڑامظفر نگر، محسن ساکن بھارا پور ہریدوار، سمیر ساکن بھوری ہریدوار،نوشاد ساکن ہر پور تھانہ موہتیہ ضلع دیوریا سے فون پر پر بات کی۔ متاثرین نے ستیش یادو اور ان کے جاننے والوں کے اکاؤنٹس میں ایک ایک لاکھ روپے بھیج دیئے۔الزام ہے کہ ستیش یادو کے جاننے والوں سنجیو یادو، ساکن ہاٹا دیوریا اور اے خان، ساکن آرکڈے بلڈنگ، ناگپاڑہ جنکشن، نوی ممبئی نے بتایا کہ ان کے پاس ویزا اور پاسپورٹ ہے۔ انکش کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان جب ممبئی پہنچے تو ملزمان نے ان سے پیسے بھی لیے اور جعلی ویزا اور پاسپورٹ ان کے حوالے کر دیئے۔ الزام ہے کہ مذکورہ لوگوں نہ صرف ان کے ساتھ ٹھگی کی بلکہ نوکری کے نام پر دھوکہ دھڑی کی گئی، ملزمان کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔دوسری جانب جنک پوری تھانے کے انچارج سنجو یادو نے بتایا کہ رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ ملزمان کی تلاش شروع کر دی،جلدی ہی ملزمان کو گرفتار کرکے معاملہ کی تفتیش کی جائے گی۔
Comments are closed.