اجلاس جامعہ رحمانی میں ’خطبات رحمانی ‘ کااجرا

حضرت امیرشریعت رابع مولانامنت اللہ رحمانی کے خطبات کا مجموعہ منظرعام پر
مونگیر:26نومبر(پریس ریلیز)جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیرکے اجلاس دستاربندی کے موقع پراپنے وقت کے معروف خطیب،عظیم قائد،مسلم پرسنل لاء بورڈکے بانی جنرل سکریٹری،حضرت امیرشریعت مولانامنت اللہ رحمانی کے اہم خطبات پرمشتمل ’خطبات رحمانی‘ کااجراء عمل میں آیاہے۔یہ کتاب حافظ محمدامتیازرحمانی کامرتب کردہ ،حضرت امیرشریعت رابع کے خطبات کاتیسرامجموعہ ہے،ایک اورمجموعہ جناب حاجی زین العابدین کاہے جوخطبات امیرشریعت کے نام سے ہے،اس سے قبل حافظ امتیازرحمانی نے حضرت امیرشریعت رابع کے خطبات کے دومجموعے مرتب کیے ہیں جوحضرت امیرشریعت آپ سے مخاطب ہیں اورنقوش تابان کے نام سے شائع ہوئے،اب یہ ان کا مرتب کردہ حضرت امیرشریعت رابع کاتیسرامجموعہ خطبات ہے۔
اجلاس جامعہ رحمانی میں جامعہ رحمانی کے سرپرست اورخانقاہ رحمانی کے سجادہ نشیں،حضرت امیرشریعت رابع کے حفیدرشیدحضرت امیرشریعت مولانااحمدولی فیصل رحمانی صاحب،حضرت مولانامحمدعمرین محفوظ رحمانی،خلیفہ حضرت مولانامحمدولی رحمانیؒ،حضرت مولاناشمشادرحمانی قاسمی صاحب نائب امیرشریعت اوردیگرمقتدرشخصیات کے ہاتھوں اس اہم مجموعہ خطبات کااجراء ہوا۔اس موقع پرجناب مولاناشبلی القاسمی قائم مقام ناظم امارت شرعیہ، جناب مولانامفتی اظہرمظاہری،شیخ الحدیث جامعہ رحمانی،جناب مولاناعبدالسبحان رحمانی استاذحدیث جامعہ رحمانی،جناب مولاناجمیل احمدمظاہری ناظم تعلیمات جامعہ رحمانی،جناب مولاناخالدرحمانی نائب ناظم تعلیمات جامعہ رحمانی،جناب مولانامحمدنعیم رحمانی استاذجامعہ رحمانی ،جناب مولانارضاء الرحمن رحمانی استاذجامعہ رحمانی،جناب مولاناانظارعالم قاسمی قاضی شریعت امارت شرعیہ،جناب مفتی سعیدالرحمن صدرمفتی امارت شرعیہ ،جناب مولاناسہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ سمیت اہم شخصیات نیزپورے ملک سے آئے ہوئے خانقاہ رحمانی کے مریدین وعقیدت منداوروابستگان جامعہ رحمانی کی ہزاروں کی تعداد موجودتھی۔
کتاب کے اجراء پرسرپرست جامعہ رحمانی حضرت امیرشریعت مولانااحمدولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم نے مرتب کتاب حافظ محمدامتیازرحمانی کودعائیں دیں اورمبارک بادپیش کی۔حافظ محمدامتیازرحمانی نے کہاکہ حضرت مولانامنت اللہ رحمانی جس طرح اپنے عہدکے بے مثل قائد،قیادت سازشخصیت کے مالک تھے،اسی طرح صاف و شفاف زبان کے مالک بھی تھے،آپ کے خطبات رہنماکی حیثیت رکھتے ہیں،اسی افادیت کے پیش نظراس مجموعہ خطبات کومنظرعام پرلانے کی سعادت حاصل ہوئی ہے،امیدہے کہ یہ مجموعہ عوام وخواص کے لیے مفیدہوگا۔اس مجموعہ میں حضرت امیرشریعت رابع کے 19خطبات شامل ہیں جوعلمی،دینی،سیاسی مسائل کااحاطہ کرتے ہیں۔
اس مجموعہ کی اہمیت وافادیت کااندازہ اس سے بھی لگایاجاسکتاہے کہ اس میں کئی اہم اورسرکردہ شخصیات کی تقریظات شامل ہیں ۔کتاب میں حضرت مولانارابع حسنی ندوی،حضرت مولانامحمدولی رحمانی،حضرت مولاناسالم قاسمی،حضرت مولانامفتی ظفیرالدین مفتاحی،حضرت مولاناخالدسیف اللہ رحمانی،حضرت مولانابدرالحسن قاسمی،حضرت مولانامفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی،حضرت مولانامحفوظ الرحمن فاروقی کے گراں قدرآراشامل ہیں۔یہ کتاب بہت کم مناسب قیمت پردارالاشاعت خانقاہ رحمانی مونگیرمیں دستیاب ہے۔کتاب کی اشاعت پرحافظ محمدامتیازرحمانی کوان کے احباب،دوستوں نے مبارک باددی اورکہاکہ بزرگوں کے نقوش کومنظرعام پرلانے کاحافظ محمدامتیازرحمانی کوخاص ذوق ہے جوایک ضرورت کی تکمیل ہے۔اللہ تعالیٰ اسی طرح ان سے خدمت لیتارہے ۔آمین۔
Comments are closed.