بیسٹ ایشیاء ایوارڈ ملنے پر سنجے گرگ کا دیوبند میں پروقار استقبال

یہ ایوارڈ مہاراجہ اگرسین کی بے مثال قربانیوں اور آدرشوں کا صلہ ہے: سابق وزیر مملکت سنجے گرگ
دیوبند، 30؍نومبر (سمیر چودھری؍بی این ایس)
اتر پردیش کی حکومت کے سابق وزیر مملکت سنجے گرگ کو بیسٹ ہیومن بی انگ ایشیا ایوارڈ 2023ملنے پر ویشہ سماج میں خوشی کی لہر ہے۔ اس موقع پر ویشہ سماج کی جانب سے دیوبند کے عصری تعلیمی ادارہ کے ایل جنتا انٹر کالج میں ایک استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا اور سنجے گرگ کے پروگرام میں پہنچنے پر پر وقار انداز میں استقبال کیا گیا۔ اس استقبالیہ پروگرام میں ویشہ سماج کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام میں موجود مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت سنجے گرگ نے کہا کہ ان کو ملنے والا ایوارڈ در اصل مہاراجہ اگر سین کے مثالی اخلاق اور ان کی جانب سے رائج رواجوں کی بدولت ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ اگرسین کی پولیسی عام لوگوں کے لئے تھی، وہ مکمل طور سے سماج وادی شخصیت کے مالک تھے اور ان کے یہاں ذات برادری کی تفریق ، علاقائیت اور طبقات سے متعلق کوئی سوچ و فکر یا فرق نہیں تھا۔ سنجے گرگ نے کہا کہ مہاراجہ اگرسین نے ہمیں خدمت خلق کا جو راستہ دکھایا ہے وہ راستہ ہمیں کچھ لینے کا نہیں بلکہ تقسیم کرنے کی راہ دکھاتا ہے۔ پروگرام کے دوران سنجے گرگ نے پروگرام کے کنوینراور ویشہ سماج کے مغربی اتر پردیش کے انچارج کا اس پروگرام کے منعقد کئے جانے پر شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے کنوینر اور کے ایل جنتا انٹر کالج کے منیجر دیپک راج سنگھل نے شہر کی معزز شخصیات کو اسٹیج پر بلا کر سنجے گرگ کو پگڑی باندھ کر ، شال اوڑھا کر، پھولوں کے گلدستے اور توصیفی سند پیش کرتے ہوئے کہا کہ سنجے گرگ موجودہ وقت میں عوام کے بہترین رہنما ہیں اور ہر ایک کی ضرورت میں تعاون کرنے والے شخص ہیں ۔ دیپک راج سنگھل نے کہا کہ صوبائی سطح پر اور نہ ملکی سطح پر بلکہ ایشیاء کی سطح پر مذکورہ ایوارڈ کے لئے ان کا سلیکشن ہم سب کے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ سابقہ کی طرح آئندہ بھی سب کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔

Comments are closed.