صفا بیت المال سے مستحق خواتین میں 7 لاکھ روپئے مالیتی 100 سلائی مشینوں کی تقسیم

خواتین حیا پر مبنی اسلامی لباس سینے اور پہننے میں پہل کریں: غیاث احمد رشادی
حیدرآباد(پریس ریلیز)اسلام اپنے ماننے والے مردوں اور عورتوں کو اس بات کی تعلیم دیتا ہے کہ وہ حیا پر مبنی اسلامی لباس زیب تن کریں۔ لباس بھی ہماری تہذیب کا اہم ترین حصہ ہے ، اس لئے ٹیلرنگ کے شعبہ میں تربیت پانے والی خواتین اسلامی لباس سینے اور پہننے کی عادت ڈالیں اور ایسا ماحول تیار کریں جس میں حیا والا لباس پہننا معمول بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انذیا نے کیا۔ واضح ہو کہ خواتین کو ٹیلرنگ کے شعبہ میں ماہر بنانا صفا بیت المال کا شروع سے ہی ایک مشن رہا ہے ۔ صفا بیت المال نے کپڑوں کی سلائی کی تربیت حاصل کرنے کے لیے مختلف سلم علاقوں میں ٹیلرنگ سنٹرس قائم کئے۔ صفابیت المال نہ صرف تربیت فراہم کرتا ہے بلکہ موقع بموقع غریب اور نادار خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کرتا ہے ۔چنانچہ زائد از 10 سالوں میں صفا بیت المال نے ہزاروں بے روزگار خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کی ہیں نیز مرکزی صفا بیت المال نے ملک پیٹ میں واقع اپنے دفتر میں پروڈیکشن یونٹ بھی قائم کر رکھا ہے۔ ہمارے معاشرے کے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی بہت سی خواتین کو آمدنی اور امداد کی کمی کی وجہ سے غربت اور معاشی جدوجہد کا سامنا ہے ۔ ان میں سے بہت سی خواتین کے پاس کوئی تعلیم، ہنر یا تربیت نہیں ہوتی کہ وہ اپنے ہی معاشرے میں غربت اور پسماندگی سے نکلنے کے لیے راہ اختیار کرسکیں ۔ تلنگانہ،آندھرا،کرناٹک اور مہارشٹرا کے مختلف علاقوں حیدرآباد ، گلبرگہ، ظہیرآباد، بیدر، سنگاریڈی اور کرنول وغیرہ میں خواتین کی اس حالت زار اور کمزوری کوصفا بیت المال نے قریب سے دیکھا اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ اب تک صفا بیت المال نے تقریباًایک ہزار1000 خواتین میں اعلیٰ معیار کی سلائی مشینیں تقسیم کی ہیں، تاکہ وہ اپنے لیے یا بڑے کاروباری اداروں کے لیے کپڑے ، بیگ، دستکاری سلائی کر کے پائیدار آمدنی پیدا کر سکیں۔ یہ اپنی مدد آپ کی پہل خواتین کو سماج میں خود اعتمادی اور وقار کے ساتھ اپنی زندگیوں کی تعمیر نو میں بھی مدد کرتی ہے ۔ الحمد للہ بتاریخ 27 نومبر شہر کرنول میں ایک سو مستحق خواتین کی مکمل تحقیق کے بعد ایک سو سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر صفا بیت المال شاخ کرنول کے صدر مولانا ذاکر احمد رشادی صاحب اور ان کے ارکان وغیرہ موجود تھے ۔

Comments are closed.