کام کرنے کا جذبہ موجود ہو تو محدود وسائل کے باوجود بھی نتیجہ خیز پروگرام کا انعقاد کیا جا سکتا ہے:خورشید صدیقی

اردو کارواں کے عشرہ ٔ اردو کے تحت اساتذہ کے غزل سرائی مقابلے کا انعقاد
ممبئی:یکم دسمبر(پریس ریلیز)اردو کارواں کے ساتواں عشرہ اردو کا تیسرا اور اہم مقابلہ غزل سرائی برائے اساتذہ کاانعقاد انجمن اسلام معین الدین حارث اردو ڈی ایڈ کالج (گرلز) ماہم میں کیا گیاجس میں نہ صرف سامعین اور شرکا بلکہ مہمانان بھی لطف اندوز ہوئے اور اظہار خیال کیا کہ ایسے دلچسپ مقابلے ہمیشہ ہونے چاہیے۔ اس پروگرام کی صدارت خورشید صدیقی (سابق چیئر مین اردو اکادمی) نے کی۔ اس مقابلے میں صدر اردو کارواں فرید احمد خان کے علاوہ پرنسپل سائرہ خان، نوجوان شاعر محسن ساحل، وقار انصاری سر اور میزبان کالج کی پرنسپل محترمہ ڈاکٹر روبینہ خان اپنے پورے اسٹاف اور طلبہ کے ساتھ شریک رہیں۔
ڈاکٹر روبینہ شیخ نے اردو کارواں کے کام کو سراہا بالخصوص فرید احمد خان کی کاوشوں کا ذکر کیا اور کہا کہ گویا انہوں نے اپنی پوری زندگی فروغ اردو کے لیے وقف کر دی ہے۔ غزل سرائی کے مقابلے میں منصفی کے فرائض سینیئر استاد امین مہم تلے، شیخ حنیف سر اور مشہور غزل گلوکارہ محترمہ شیخ شبانہ نے انجام دیے۔ غزل سرائی کی نظامت کے فرائض وسیم شیخ نرمی سر نے ادا کیے۔
صدر اردو کارواں فرید احمد خان نے بتایا کہ اردو کارواں اپنے نصب العین پر مرکوز ہو کر پروگرام مرتب کرتاآیا ہے،اردو کارواں طلباء کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے لیے کوشاں ہےاور اس کا اثر ہو رہا ہے، اردو کے طلبہ ریاستی اور قومی سطح پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔
خورشید صدیقی نے اپنے صدارتی خطاب میں مقابلے کے بارے میں کہا کہ آج اساتذہ سے غزلیں سن کر طبیعت خوش ہو گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو کارواں کی کارکردگی اس بات کی مثال ہے کہ کام کرنے کا جذبہ ہو تو محدود وسائل کے ساتھ بھی نتیجہ خیز پروگرام کا انعقاد کیا جا سکتاہے۔ ساتھ ہی اردو کارواں کی ٹیم کو ساتویں عشرۂ اردو کے انعقاد پر مبارک باد دی۔
سینیئر استاد امین مہم تلے جو مقابلے کے منصف بھی تھے انہوں نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے ایک بڑی اہم بات بتائی کہ ہمارے طلبہ کا تلفظ خراب ہے کیونکہ اچھی زبان سننے میں نہیں آتی ،اساتذہ کو چاہیے کہ بامحاورہ گفتگو کریںاس سے بہت فرق پڑے گا۔
مقابلے میں خان شمع بانو (صلاح الدیں ایوبی ڈی ایڈ کالج)، انصاری شہناز محمد نواز (سنجے نگر اردو میونسپل اسکول نمبر ۲)، ڈاکٹر شبانہ ظہیر الدین شیخ (ایم ایچ کالج آف ایجوکیشن) اور انصاری روہی محمد سالک (بی این سی دیم سی اسکول نمبر 68 بھیونڈی) نے نمایاں کار کردگی پیش کی۔ رکن اردو کارواں جناب محسن ساحل نے بھی اپنے منتخب کلام سامعین کے سامنے پیش کیے۔ انصاری وقار سر نے رسم شکریہ ادا کیا۔
اس پروگرام کے انعقاد میں مقامی کالج کی ٹیم کے ہمراہ سایرہ خان اور وسیم شیخ سر نے بہت دل جمعی سے تعاون کیا۔

Comments are closed.