بین مذاہب پروگرام کے دوران آپسی اتحاد قائم کرنے پر زور

اس طرح کے تاریخی پروگرام ہم سب کے لئے مشعلِ راہ بن سکتے ہیں: دلجیت کوچر
دیوبند، 02؍دسمبر (سمیر چودھری؍بی این ایس)
میرٹھ سیوا سماج اور کاریتاس انڈیا کے تعاون سے صوبائی سطح کی باہمی تبادلۂ خیال پر مبنی ایک پروگرام گھنٹہ گھر پر واقع ایک ہوٹل کے میٹنگ ہال میں منعقد کیا گیا، جس میں تمام مذاہب کے رہنمائوں نے شرکت کی۔پروگرام کے ذمہ داران نے بتایا کہ تمام مذاہب کے مذہبی رہنما، گرام پردھان، وارڈ ممبر، شہر کی ذمہ دار شخصیات اور آپسی بھائی چارہ قائم کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سب سے پہلے تنظیموں کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تبادلۂ خیال کے اس پروگرام میں سب کو آپس میں بہتر تعلقات اور میل ملاپ رکھنے کے لئے نیز اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کے لئے کندھے سے کندھا ملاکر چلنا چاہئے۔ بعد ازاں برہم کماری آشرم سے تشریف لانے والے سوربھ گرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کے لئے سب سے پہلے روحانی سکون کا میسر آنا نہایت ضروری ہے۔ ان کے بعد گرودوارہ پربندھک کمیٹی کے منتظم دلجیت کوچر نے گرونانک کے حالات زندگی بیان کرتے ہوئے انکی جانب سے کی جانے والی خدمت خلق کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تاریخی پروگرام ہم سب کے لئے مشعلِ راہ بن سکتے ہیں۔ جامع مسجد کے منیجر مولانا فرید مظاہری نے باہمی تبادلۂ خیال پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپسی بھائی چارہ قائم رکھنے سے ہی یہ ملک ترقی کر سکتا ہے۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی مہامنڈلیشور دھیرج آنند نے بھی اپنی تنظیم کی جانب سے اس پروگرام کو آگے بڑھانے کے لئے تعاون دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت سب سے پہلے آتی ہے اس کے بعد مذاہب کا نمبر ہے، اس لئے سب کو بلا تفریق تعاون کرنا چاہئے۔ اسی طرح آچاریہ دیپک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر امن اور بھائی چارہ کی راہ کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ ٹریفک کے چیف وارڈن ڈاکٹر یوگیندر نے بھی اس تنظیم کے کاموں کی ستائش کی۔ پروگرام کے کنوینر اودھیش کمار سنگھ نے بتایا کہ آج منعقد ہونے والا پروگرام کامیاب رہا اور یہ بات سامنے آئی کہ اس طرح کے پروگرام ضلع سطح پر نہیں بلکہ صوبائی سطح پر منعقد کئے جانے چاہئیں۔ خاص طور پر اس طرح کے پروگرام تعلیمی اداروں میں منعقد کئے جانے چاہئیں؛ تاکہ ہماری آنے والی نئی نسل آپس میں متحد ہو کر اپنے آپ کو اور اس ملک کو آگے لے جا سکیں۔ کاریتاس انڈیا کے پروگرام آفیسر انیمیش ولیمس نے میرٹھ سیوا سماج اور کاریتاس انڈیا کے اقدامات اور کئے جانے والے امور پر روشنی ڈالی اور فی الحال سات اضلاع میں چلائے جانے والے اس پروگرام کی جانکاری بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے رہنما متحد ہوکر انسانیت کے جذبہ سے کام کریں۔ اس پروگرام میں تنظیم کے سکریٹری امت میسی، کلدیپ تیاگی، عارف علی، پنکج پردھان، جہانگیر پردھان، عثمان پردھان، بڑگائوں پردھان کے نمائندہ ویبھائو پرتاپ، علی امجد، نصیر احمد، مہتاب علی، نتن شرما، افضال احمد، زاہد حسن، ڈاکٹر بی پی سنگھ، مبشرہ خان، زبیر علی، رجنی، امبکا اور شرون کمار وغیرہ موجود رہے۔

Comments are closed.