اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کی مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات
دونوں رہنماؤں کے درمیان قوم کی تعلیم کے حوالہ سے گفتگو
دیوبند،4؍ دسمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
اقلیتی کمیشن اترپردیش کے چیئرمین اشفاق سیفی نے آج یہاں جمعیۃ علماء ہندکے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سے خصوصی ملاقات کی، اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان قوم کی تعلیم کے حوالہ سے گفتگو ہوئی۔ پیر کے روز دوپہر تین بجے اقلیتی کمیشن یوپی کے چیئرمین اشفاق سیفی نے مولانا سید ارشد مدنی کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور دعائیں لی۔ اس دوران انہوںنے قوم کی تعلیمی پسماندگی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ اس وقت ملت کو تعلیم کے تئیں سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے، تعلیم کو لیکر بیدار رہنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، تعلیم سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کے راستے ہموار کرتی ہے ۔ انہوں نے دیگر اہم امور پر بھی مولانا سے گفتگو کی۔ اس دوران مولانا سید ارشد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے تعلیمی مشن سے اشفاق سیفی کو روبرو کرایا اور بتایاکہ جمعیۃ علماء ہند پورے ملک میںملت کے لئے تعلیمی مشن کے تحت کام کررہی ہے، انہوںنے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے بچوں اور بچیوں کو بلاتفریق وظائف اور اسکالر شپ بھی دیتی ہے۔مولانا مدنی نے کہاکہ ہمارا روز اول سے ہی تعلیم کا مشن ہے،ہم دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کے لئے بھی متعدد ادارے قائم کرکے قوم کے نونہالوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں۔ اس دوران مولانا مدنی تعلیم کے حوالہ سے نہایت قیمتی گفتگو کی۔اس موقع پر شیو کمار فوڈ محکمہ کی صلاح کار سمیتی کے رکن ،کلیم معاذ،مولانا شہزاد قاسمی،ہمانشو گوتم،جنید صدیقی،وارث وغیرہ موجودرہے۔
Comments are closed.