مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

پیشاب کی نلی کے انفیکشن پر سی ایم ای کا انعقاد
علی گڑھ، 5 دسمبر: ہاسپٹل انفیکشن سوسائٹی انڈیا کی علی گڑھ شاخ نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ مائیکرو بایولوجی اور شعبہ میڈیسن کے اشتراک سے پیشاب کی نلی کے انفیکشن (یو ٹی آئی ) پر ایک قومی سی ایم ای کا انعقاد کیا۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر رمن سردانا، سکریٹری، ہاسپٹل انفیکشن سوسائٹی انڈیا نے کہا کہ یوٹی آئی، بھرتی نہ ہونے والے مریضوں کے لئے زیادہ پیچیدہ ہوتی ہے اور اس کے علاج میں انٹرڈسپلینری طریقہ کے ضرورت ہوتی ہے ۔
پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن نے نوجوان اساتذہ و محققین کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے سی ایم ای کے انعقاد میں باہمی اشتراک و تعاون کو اہم قرار دیا۔
پروفیسر حارث ایم خان، پرنسپل اور سی ایم ایس، جے این میڈیکل کالج نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ کانفرنس کی بصیرت افروز گفتگو سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔
شعبہ مائیکروبایولوجی کی چیئرپرسن ڈاکٹر نازش فاطمہ اور شعبہ میڈیسن کے سربراہ پروفیسر انجم پرویز نے کہا کہ پیشاب کی نلی کا انفیکشن کافی عام ہے۔ انہوں نے معلومات و تجربات کے تبادلے کے لئے سی ایم ای کو مفید قرار دیا۔
پروفیسر کامران افضل اور ڈاکٹر ندیم احمد سمیت دیگر ماہرین نے بچوں اور دیگر افراد میں پیشاب کی نلی کے انفیکشن اور اس کی روک تھام و علاج کے بارے میں معلومات فراہم کی۔
سی ایم ای کے دوران ایمس نئی دہلی، یو سی ایم ایس، نئی دہلی، کے جی ایم یو، لکھنؤ سمیت دیگر اداروں کے ماہرین بشمول پروفیسر سریتا مہوپاترا، ڈاکٹر نشا گوئل، پروفیسر کوثر عثمان، ڈاکٹر ارون کمار اور پروفیسر ہمانشو ورما نے اسٹیورڈشپ پریکٹیسز، دوران حمل یو ٹی آئی، پیشاب کی نلی کی تپ دق، یوٹی آئی کے علاج کے متبادل طریقے اور دیگر متعلقہ موضوعات پر خطاب کیا۔
اختتامی سیشن کے دوران اورل اور پوسٹر پرزنٹیشن کے فاتحین کو انعامات تقسیم کئے گئے۔ ڈاکٹر محمداسلم نے شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
تعزیتی جلسہ
علی گڑھ، 5 دسمبر: پروفیسر ایس جی تیواری، سابق چیئرمین ، شعبہ میڈیسن کے انتقال پر جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے میڈیسن شعبہ میں ایک تعزیتی جلسہ ہوا جس میں انھیں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ گزشتہ 4 دسمبر کو مختصر علالت کے بعد ان کا انتقال ہوگیا تھا۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے اپنی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پروفیسر ایس جی تیواری کے انتقال پر سوگوار ہے اور ہم ان کے کنبہ اور اعزاو اقربا کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر تیواری کا انتقال ان کے شاگردوں، رفقاء، اعزا اور اہل خانہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے ۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔
تعزیتی پیغام پڑھتے ہوئے صدر شعبہ پروفیسر انجم پرویز نے کہا کہ شعبہ ،سوگوار کنبہ کے افراد سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے ۔
٭٭٭٭٭٭
ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہا گیا
علی گڑھ، 5 دسمبر: اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے دواخانہ طبیہ کالج کے ریٹیل آؤٹ لیٹ علاج کامل واقع شمشاد مارکیٹ میں منعقدہ صحت کیمپ میں لوگوں کو ضروری طبی مشورے دئے اور اودیات تقسیم کیں۔
صحت کیمپ میں پروفیسر روبی انجم، ڈاکٹر فہمیدہ زینت، ڈاکٹر ایس جاوید علی، ڈاکٹر فاطمہ خان اور ان کی پوسٹ گریجویٹ طالبات نے خدمات انجام دیں۔
٭٭٭٭٭٭
فٹ انڈیا ہفتہ منایا گیا
علی گڑھ، 5 دسمبر: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کالج آف نرسنگ میں فٹ انڈیا ہفتہ کے تحت مختلف کھیل مقابلے منعقد کئے گئے اور جسمانی صحت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر سیک ریس، لیمن ریس، تھریڈ اور نیڈل ریس، میوزیکل چیئر، ٹگ آف وار وغیرہ میں لوگوں نے حصہ لیا۔
سیک ریس میں شمس نہال نبی، ایرن اور محمد سیف خان نے پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام جب کہ لیمن ریس میں شمس نہال نبی، محمد جامد اور محمد صہیب نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا۔
نیڈل اور تھریڈ ریس میں کلثوم فاطمہ، فرحین خان اور بشریٰ نے بالترتیب اول، دوم اور سوم انعام جیتا جبکہ میوزیکل چیئر میں تنو اور لووی گوئل کو پہلا اور دوسرا انعام دیا گیا۔
مہمان خصوصی پروفیسر نعیمہ گلریز، پرنسپل، ویمنس کالج نے فاتحین میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر انھوں نے زور دیا کہ فٹنس اور صحتمندی کا خیال رکھنا ضروری ہے ، اس لئے جسمانی سرگرمیوں میں شامل رہنا چاہئے۔
پروفیسر عبدالعلیم (ڈی ایس ڈبلیو)، پروفیسر وسیم علی ( پراکٹر)، ڈاکٹر غلام سرور ہاشمی (چیئرمین، شعبہ اورل و میکسیلو فیشیئل سرجری)، پروفیسر اسد اللہ خاں (ڈائریکٹر، آئی کیو اے سی اور کوآرڈینیٹر،بی آئی سی-این این پی) اور پروفیسر سلمان خلیل (شعبہ کمیونٹی میڈیسن) تقریب میں مہمان اعزازی کے طور پر شامل ہوئے۔
قبل ازیں مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے نرسنگ کالج کی پرنسپل پروفیسر فرح اعظمی نے کہا کہ فٹ انڈیا موومنٹ کا آغاز اگست 2019 میں قومی اسپورٹس ڈے کے موقع پر کیا گیا تھا اور بہت ہی کم وقت میں یہ ہر عمر کے لوگوں کے لیے فٹنس کے حوالہ سے باعث تحریک بن چکا ہے۔
دوسری طرف اے ایم یو گرلز اسکول میں ’فٹ انڈیا ہفتہ‘ کے تحت ایک خصوصی اسمبلی کا انعقاد کیا گیا جس کی نظامت گیارہویں جماعت کی طالبہ گیتیکا پاٹھک نے کی۔ ساتویں جماعت کی طالبہ آمنہ حسن نے تقریر کی جبکہ گیارہویں جماعت کی دویاشری گپتا نے اپنی نظم سنائی۔ گیمز سوسائٹی کی صدر ، دسویں جماعت کی یشا علی خان اور نائب صدر دسویں جماعت کی صدف ناز نے فٹنس کے تئیں حاضرین کو حلف دلایا۔
٭٭٭٭٭٭
عالمی یوم ایڈزپر بیداری پروگراموں کا اہتمام
علی گڑھ ،5 دسمبر: عالمی یوم ایڈز پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے تحت قائم رورل ہیلتھ ٹریننگ سنٹر (آر ایچ ٹی سی) ، جواں اور اربن ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (یو ایچ ٹی سی) میں خصوصی بیداری پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ۔
آر ایچ ٹی سی میں منعقدہ پروگرام میں سینٹر انچارج ڈاکٹر عظمیٰ ارم نے مہلک بیماری ایڈز کے سلسلہ میں عوامی بیداری کو اہم قرار دیا جب کہ ڈاکٹر آنچل نیگی اور ڈاکٹر چندرامولی نے اس بیماری کے پھیلاؤ ، روک تھام، علامات ، تشخیص، ایچ آئی وی انفیکشن کی جانچ اور علاج کے لیے دستیاب سہولیات کے بارے میں گفتگو کی۔
ڈاکٹر شبھم نے پروگرام کی اجمالی رپورٹ پیش کی۔ ڈاکٹر جابر این کے (جے آر-3)، ڈاکٹر چندن کمار تیواری (جے آر-3)، ڈاکٹر اجیتھا (جے آر-2)، ڈاکٹر اسماء (جے آر-2) اور ڈاکٹر ابرامی (جے آر-1) نے بیداری کیمپ میں حصہ لیا۔
یو ایچ ٹی سی نے ممبر انچارج ڈاکٹر علی جعفر عابدی کی نگرانی میں گاؤں پنجی پور اور کولمبیا انٹرنیشنل اسکول، علی گڑھ میں ایک بیداری کیمپ کا انعقاد کیا۔ ڈاکٹر شیوانگی کماری (سینئر ریزیڈنٹ) نے جونیئر ریزیڈنٹس اور ایم بی بی ایس کے انڈر گریجویٹ طلباء کو ایڈز کی روک تھام اور بیداری کے لئے کام کرنے کا حلف دلایا۔
ڈاکٹر محمد بلال (جے آر 1) اور ڈاکٹر شفیعہ شفیق (جے آر 1) نے ایچ آئی وی ؍ ایڈز کی علامات کی وضاحت کی جبکہ ڈاکٹر امیر ایوب (جے آر 1) نے ایچ آئی وی کی روک تھام کے بارے میں گفتگو کی۔ ڈاکٹر نوال عامر (انٹرن) نے ایچ آئی وی؍ ایڈز سے وابستہ غلط فہمیوں کے بارے میں بات کی۔
ڈاکٹر تبسم نواب (میڈیکل آفیسر، آر ایچ ٹی سی) اور ڈاکٹر صبوحی افضل (میڈیکل آفیسر، یو ایچ ٹی سی) نے ایچ آئی وی کی روک تھام اور علاج پر گفتگو کی۔ اس موقع پر انٹرنز نے ایڈز کی علامات اور روک تھام کے موضوع پر پوسٹر اور چارٹ بنائے۔
دوسری طرف شعبہ سنسکرت میں اساتذہ اور طلباء نے اجتماعی حلف لیتے ہوئے ایچ آئی وی ؍ ایڈز کے پھیلاؤ اور غلط فہمیوں کو سماج سے دور کرنے کا عہد کیا۔

Comments are closed.