دیورابندھولی کے وارڈ 14 میں بھیانک آتشزدگی میں 4 گھر جل کر خاکستر، 17 مویشیوں کی جل کر موت، 5 لاکھ سے زائد کی مالیت کا نقصان

جالے( محمد رفیع ساگر /بی این ایس)مقامی بلاک کے دیورا بندھولی پنچایت کے وارڈ 14 دیگھوپٹی گاؤں میں بھیانک آتشزدگی میں 4 گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔اس واقعہ میں نصف درجن سے زائد مویشیوں کی جلنے سے موت ہوگئی ۔ایسا مانا جارہا ہے کہ آتشزدگی سے 5 لاکھ سے زائد کی مالیت کا نقصان ہوا ہے۔
آگ سے رام ناتھ رام ولد آنجہانی پودن رام، منو رام ولد جگ جیون رام، راموتی دیوی زوجہ آنجہانی لوچن رام اور رام بابو رام کا گھر جل کر راکھ ہوگیا ہے۔اس دوران ان کنبوں کے کئی مویشیوں کی جل کر موت ہوگئی ۔واقعہ پیر کی رات تقریبا 12 بجے پیش آیا۔جب تک آگ پر قابو پایا گیا اس وقت تک ایک پلسر بائک کے ساتھ 2 گائے، 2 باچھی اور 13 بکریاں سمیت گھر کے سبھی سامان جل گئے تھے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی چوکیدار کاری پاسوان نے مقامی لوگوں کو جگایا اور مقامی پولیس کو اطلاع دی ۔ مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پانا شروع کیا گیا اس دوران واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم آدھے گھنٹے کے بعد موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پالیا۔ معلومات کے مطابق اس بھیانک آتشزدگی میں رام ناتھ رام کی 8 بکریاں، 2 گائیں اور 2 باچھیاں، گنیش رام کی 5 بکریاں،منو رام کے گھر کے ساتھ ساتھ راموتی دیوی کا گھر اور کاسمیٹک کی دکان جل کر راکھ ہو گئی۔ آگ سب سے پہلے رام ناتھ رام کے گھر میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے سبھی گھروں کو اپنی آغوش میں لے لیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سبھی لوگ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے۔تاہم آگ کیسے لگی اس کی وجہ اب تک سامنے نہیں آ پائی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سرکل افسر راکیش کمار اور مقامی مکھیا بے بی خاتون منگل کی صبح موقع پر پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرین کو تسلی دیتے ہوئے انہیں سرکاری ضابطے کے مطابق ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔سی او نے کہا کہ آگ سے لاکھوں کی مالیت کا نقصان ہوا ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔فی الحال سبھی متاثرہ خاندان کو پولیتھین شیٹ دی گئی ہے اور بدھ کو مالی مدد دی جائے گی۔موقع پر مقامی وارڈ ممبر محمد سہیل اور سماجی کارکن و مکھیا نمائندہ محمد سمیع اللہ اشرف عرف نرالےبھی موجود تھے۔
جالے تھانہ صدر پرینکا کماری نے بھی متاثرہ مقام کا دورہ کرکے آگ سے ہوئے اقتصادی خسارے کا جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں الگ الگ درخواست موصول ہوئے ہیں جن کی روشنی میں کارروائی کی جارہی ہے۔
ادھر سابق وزیر و مقامی ایم ایل اے جیویش کمار نے بھی متاثرہ کنبہ سے مل کر انہیں تسلی دی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

Comments are closed.