ایک قلم ایک کتاب ایک معلم لاکھوں کی زندگی تبدیل کر سکتے ہیں: ڈاکٹر عبدالماجد انصاری
اردو کارواں کے ساتویں عشرہ اردو کے چھٹے پروگرام میں آئیٹا ممبئی کے اشتراک سے ڈاکٹرعبدالماجد انصاری کا اساتذہ سے خطاب
ممبئی (پریس ریلیز) معلم کا پیشہ دوسرے سارے پیشوں کی ماں کی طرح ہے۔ معلم 24 گھنٹے معلم ہی ہوتا ہے، اس کا تعلق عارضی یا مستقل نوکری سے ہرگز نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عبدالماجد انصاری پرنسپل حسنہ وومنز ڈگری کالج کلیان نے اردو کارواں اور آئیٹا کے اشتراک سے ہونے والے ایک پروگرام بعنوان "معلم کی زندگی” میں اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موضوع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ” دنیا کے ہر بڑے اور کامیاب انسان نے اپنے معلم کے زیر سایہ ہی تربیت پائی ہے۔ یہی معلم کی زندگی کسی کا مستقبل بنا بھی سکتی ہے یا کسی کا مستقبل بگاڑ بھی سکتی ہے۔بعض معلم کی طلبہ کے ساتھ بد سلوکی کی بنا پر حساس طلبہ اسکول جانا ترک کر دیتے ہیں اور ان کی پڑھائی ہمیشہ کے لیے ادھوری رہ جاتی ہے۔اسی لیے معلم کی ذمہ داری بہت زیادہ ہے۔ اگر فارمولے کی زبان میں معلم کی زندگی کو دیکھا جائے تو معلم کی زندگی برابر ہوتی ہے مدت ضرب شدت کے عدم مطالعہ کی طرف دھیان دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہمارے اخراجات کی فہرست میں کتابیں خریدنے کو اب ذرا بھی فوقیت نہیں دی جاتی ہے، اس برائی میں طالب علم اور معلم دونوں شامل ہیں۔ کتابیں تو درکنار ہم نے بنا قلم کے بھی اکثر معلم حضرات کو دیکھا ہے، جو انتہائی افسوسناک امر ہے۔ آپ کی پرمغز تقریر کے بعد کچھ طلبہ نے اپنے تاثرات بھی بیان کیے۔
اس سے قبل پروگرام کےآغاز میں صدر اردو کارواں فرید احمد خان نے پروگرام کے غرض و غاءیت بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالماجد انصاری کا تعارف پیش کیا ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ "اردو میڈیم اسکولوں کی زبوں حالی ہی میں صرف انگریزی میڈیم کے غلبے کا عمل دخل نہیں ہے بلکہ ایک بڑی وجہ معلم کے پیشے سے منسلک لوگوں کا وقف (Dedicated ) نہ ہونا بھی ہے، جیسے ہمارے بچپن میں ہمارے معلم ہوا کرتے تھے۔ اس اہم پروگرام میں محمد الیاس سر صدر آیٹا مبئی، خلیل شاہ سر سابق صدر آیٹا ممبئی، پرنسپل سائرہ خان آر سی ڈی ایڈ کالج آف ایجوکیشن امام باڑا اور وسیم سر نے بھی طلباء سے خطاب کیا۔ پروگرام میں ناصیہ مخدومی، شاداب انجم، نکہت شیخ، اظہر باغوان ،ثنا اثر اور وسیم سید سر نے خاص طور پر پروگرام میں نہ صرف شرکت کی بلکہ اس پروگرام کے انعقاد میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس پروگرام میں مستقبل کے معلم اور معلمات (ڈی ایڈ کورس کے طلباء)نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی. رسم شکریہ ادا کر اس پروگرام کا اختتام ہوا۔
Comments are closed.