Baseerat Online News Portal

امیر شریعت مولانا سید نظام الدین صاحبؒ کی زندگی جہد مسلسل اور فکر امت سے عبارت تھی

ان کی زندگی پر سیمینار کا فیصلہ مولانا نظام الدین فاؤنڈیشن کا مستحسن قدم:مولانا رحمت اللہ عارفی ندوی
پٹنہ(پریس ریلیز) ا مارت شرعیہ کے چھٹے امیر شریعت ، اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری امیر شریعت حضرت مولانا سید نظام الدین صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی جہد مسلسل اور فکر امت سے عبارت تھی ، انہوں نے دین اسلام کی ترویج وبقاء اور امارت شرعیہ کے مقاصد کو پروان چڑھانے ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی سرگرمیوںا ور مسلم پرسنل لا کے تحفظ کے لیے اپنے آپ کو وقف کر دیا تھا ، خاص کر امارت شرعیہ کی فکر اور اس کے پیغام کو عام کرنے ، اس کے مقاصد کو بروئے کار لانے کی تڑپ تو ان کی رگ وپے میں شامل تھی ۔ آپ ؒ جیدعالم دین،ملت کے بڑے قائد اوردین وشریعت کے حفاظت کے بڑے علم بردارتھے،اللہ جل شانہ نے آپ کومتعددصفات وکمالات کامجموعہ بناےاتھا، ساتھ ہی بڑی صلاحیتوں سے نوازاتھا۔ آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں مگر ہمےشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے‘بالخصوص مسلمانان ہند ان کی وفات کی کسک کو مدتوں محسوس کریںگے ‘ نصف صدی پر مشتمل ان کی ہمہ جہت خدمات ناقابل فراموش ہیں۔اور ان کے افکار اور ملک و ملت کی ترقی و فلاح کے تئیں ان کے نظریات ہم سب کو راستہ دکھاتے رہیں گے۔
ضرورت ہے کہ ان کے افکار و نظریات اور کارناموں کو ملت کے سامنے لایا جائے تاکہ قوم و ملت کا کام کرنے والوں کو اس سے سچی رہنمائی مل سکے اور امت مسلمہ کی فلاح و ترقی کی فکر کرنے والوں کو ان سے روشنی ملتی رہے۔ان خیالات کا اظہار معروف نوجوان عالم دین اور عبد الرحمن ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی ہر سنگھ پور دربھنگہ کے سکریٹری جنرل مولانا رحمت اللہ عارفی ندوی نے کیا۔ انہوں نے مولانا نظام الدین فاؤنڈیشن کی جانب سے حضرت امیر شریعت رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی پر سیمینار کے فیصلہ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ حضرت کے خلف صالح حضرت مولانا عبد الواحد ندوی صاحب نے مولانا نظام الدین فاؤنڈیشن کے ذریعہ اس ذمہ داری کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور حضرت امیر شریعت سادس رحمۃ اللہ علیہ کی حیات اور کارناموں اور ان کے افکار ونظریات سے ملت اسلامیہ کو واقف کرانے کے لیے ایک سیمینار کے انعقاد اور ان کی زندگی کے مختلف روشن پہلوؤں پر لکھے ہوئے مضامین کے مجموعہ کی اشاعت کا فیصلہ کیا ہے۔ فاؤنڈیشن کا یہ قدم بہت ہی مستحسن اور قابل مبارک باد ہے ۔
میں مولانا نظام الدین فاؤنڈیشن کے چیئر مین حضرت مولانا عبد الواحد ندوی اور ان کی پوری ٹیم کو اس اہم کام کے لیے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس سیمینار کو با مقصد بنائے اور اسے عوام و خواص کے بیچ مقبولیت عطا کرے اور ہم سب کو حضرت مولانا کی روشن زندگی سے استفادہ کا موقع دے۔

Comments are closed.