شادی کی تقریب کے دوران ڈی جے گاڑی کی زد میں آنے سے 8 سالہ طالب علم پریانشو کی موت،دہسل گاؤں میں شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل

جالے(محمد رفیع ساگر /بی این ایس)سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کے کٹکا پنچایت کے دہسل گاؤں میں اتوار کی شب ایک شادی کی تقریب میں بج رہے ڈی جے گاڑی کی زد میں آنے سے سنیل پنڈت کے اکلوتے بیٹے 8 سالہ پریانشو کمار کی موت ہو گئی۔وہ مقامی گاوں کے سرکاری اسکول میں دوسری جماعت میں پڑھتا تھا۔حادثے کے بعد متوفی کی ماں شیلا دیوی کا رورو کر برا حال بنا ہوا ہے۔
حادثے کے بعد گاوں میں کہرام مچ گیا اور شادی کی تقریب ماتم میں تبدیل ہو گئی۔گاوں کے سرکردہ لوگوں نے پہل کرکے شادی کو مکمل کروایا اور نئے جوڑے کو رات میں ہی رخصت کیا۔
موقع پر پہنچی سنگھواڑہ تھانے کی پولیس نے بچے کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا ۔بتایا جاتا ہے کہ منوج پنڈت کی بیٹی نیتو کماری کی شادی کے موقع پر ڈی جے ساؤنڈ سسٹم کے ساتھ خواتین اور بچے پوجا کے لیے گاؤں کے مذہبی مقام کی سیر کر رہے تھے یہاں سمستی پور ضلع کے سنگھیا تھانہ حلقہ کے بستی گاؤں سے بارات بڑی شان و شوکت سے لڑکی کے دروازے تک پہنچ گئی تھی اور ڈی جے گاڑی کے ساتھ پوجا کے لیے گاؤں کا سیرہو رہا تھا اسی دوران سنیل پنڈت کا 8 سالہ اکلوتا بیٹا پریانشو کمار ڈی جے گاڑی کے قریب گر گیا اور وہ ڈی جے گاڑی کے پچھلے چکے کی زد میں آنے سے شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ زخمی بچے کو علاج کے لئے دربھنگہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں بچے کی تشویش ناک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹر نے پی ایم سی ایچ ریفر کر دیا لیکن اتوار کی شب پٹنہ لے جانے کے دوران بچے نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ متوفی بچے پریانشو کے دادا سادھو پنڈت نے بتایا کہ لگاتار تین پوتیوں کی پیدائش کے بعد ان کے یہاں اکلوتے پوتے نے جنم لیا تھا ۔ تھانہ صدر شیلیش کمار نے بتایا کہ ڈی جے کو موقع سے قبضے میں لے کر اسے تھانہ میں محفوظ رکھا گیا ہے ڈی جے کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
Comments are closed.