Baseerat Online News Portal

ویلکم پارٹی کی روداد

مکرمی!
پنجاب گروپ آف کالجز کے عارف والا کیمپس کے سال اول کے طلبہ کو خوش آمدید کہنے کے لیے 8 دسمبر 2023 کو مائدہ میرج ہال عارف والا میں رنگارنگ ویلکم پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔پارٹی کامیاب رہی اور شرکاء کی طرف سے مثبت ردعمل موصول ہوا۔ کالج انتظامیہ نے تقریب کی میزبانی اور بہترین سہولیات اور خدمات فراہم کرنے پر مائدہ میرج ہال عارف والا کا شکریہ ادا کیا۔
ویلکم پارٹی کی تیاری کے لیےگزشتہ ایک ہفتے سے بچے دن رات ایک کئے ہوئے تھے۔کالج کے پرنسپل حافظ محمد ندیم صاحب کی خصوصی دل چسپی کی وجہ سے نئے آنے والے بچوں میں بھی جوش خروش پایا جا رہا تھا،بے تابی سے ویلکم پارٹی کا انتظار کیا جا رہا تھا۔ نئے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہنا پنجاب کالج کی درخشندہ روایات میں سے ایک ہے۔
استقبالیہ پارٹی میں ہر سال نئے آنے والے طلبہ کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ویلکم کیا جاتا ہے بلکہ اس خوب صورت تقریب میں سال بھر ہونے والی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کر دیا جاتا ہے۔ یہ تقریب اس لیے بھی انفرادیت کی حامل تھی اس میں مہمان خصوصی پرنسپل حافظ محمد ندیم صاحب کا طلبہ کے لیے خصوصی خطاب بھی شامل تھا
پارٹی میں کالج کے فیکلٹی ممبران ، سٹاف اور سینئر طلبہ نے شرکت کی۔ پارٹی کا مقصد نئے طلباء کو کالج کی ثقافت، قواعد و ضوابط سے متعارف کرانا اور ان کے درمیان تعلق اور دوستی کے جذبات کو فروغ دینا تھا۔ پارٹی میں مختلف ثقافتی اور علمی سرگرمیاں پیش کی گئیں، جیسے تقریریں، اسکیٹس، گانے۔
تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ پیش کئے جانے کے بعد پروفیسر حبیب اللہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پنجاب گروپ آف کالجز کے عارف والا کیمپس کی حسین روایات سے آگاہ کیا اور کہا یہ کالج اہل علاقہ کے لیے
ایک نعمت سے کم نہیں ہے۔ پنجاب گروپ آف کالجز میں عارف والا کو نمایاں مقام حاصل ہے اس کے سالانہ نتائج ہمیشہ شان دار رہے ہیں مذکورہ بالا تقریب غیر نصابی سرگرمیوں کی اہم تقریب تھی جس میں طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کیا۔ سینئر طلبہ نے خوب صورت ٹیبلو پیش کرکے نئے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہا پھر طنزو مزاح سے بھرپور ٹیبلوز اور قوالی کی بدولت قہقہوں کی بارش شروع ہو گئی۔استقبالیہ تقریب کی نظامت کے فرائض محمد اویس اور محمد روحان نے ادا کیے۔
مہمان خصوصی جناب حافظ محمد ندیم نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ تعلیم اگر آپ کی کردار سازی نہیں کرتی تو یہ کتابیں محض بوجھ ہیں جو آپ نمبروں کے لیے اٹھا رہے ہیں۔ تعلیم آپ کی شخصیت کا آئینہ دار ہونی چاہیے۔ آپ کے والدین اور بزرگ یہ محسوس کریں کہ آپ کے رویے میں نمایاں تبدیلی تعلیم کی وجہ سے ہے۔ آپ نے معاشرے میں آئندہ نسل کے لیے رول ماڈل بننا ہے۔انھوں نے فرمایا کہ تعلیم مستقبل کا پاسپورٹ ہے، لہذا آنے والا کل ان کا ہے جو آج اس کی تیاری کرتے ہیں۔ تعلیم وہ سب سے طاقت ور ہتھیار ہے جسے ہم دنیا کو بدلنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔انھوں نے ویلکم پارٹی کے کامیاب انعقاد پر تمام اساتذہ کا فردا فردا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں شرکا ئے تقریب کی تلخئ کام و دہن کے لیے پر تکلف رات کے کھانے کا اہتمام کیا گیا۔

پروفیسر اخلاق احمد ساغرایڈووکیٹ
صدر شعبہ مطالعہ پاکستان

Comments are closed.